• صارفین کی تعداد :
  • 1023
  • 12/18/2010
  • تاريخ :

ایران اور دنیا کے ملکوں میں یوم عاشورا

عاشوره

آج ایران اور عراق سمیت دنیا کے بہت سے ملکوں میں عاشورا انتہائي عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔

ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں ، قصبوں اور قریوں میں گزشتہ رات سے شروع ہونے والا عزاداری کا سلسلہ آج پورے دن جاری رہا۔مشہد مقدس سے اردو ریڈیو تہران کے نمائندے نے رپورٹ دی ہے کہ فرزند رسول حضرت علی رضا علیہ السلام کے روضہ مبارک میں گزشتہ رات لاکھوں عاشقان اہل بیت رسول نے شہدائے کربلا کی عزاداری اور شب عاشور کے مخصوص اعمال انجام دئے اور روضہ مبارک کے تمام صحن ساری رات ماتمی دستوں سے مملو رہے۔نماز صبح کے بعد سے ہی مشہدمقدس اور اس کے اطراف کے علاقوں سے ماتمی دستوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا جو آج پورے دن جاری رہا۔قم میں معصومہ قم سلام اللہ علیہا کا روضہ اقدس بھی گزشتہ رات عزاداروں اور زائرین سے مملو رہا اور نماز صبح کے بعد شہر کے مختلف علاقوں اور اطراف سے برآمد ہونے والے ماتمی جلوس روضہ مبارک پر آکر ختم ہوئے۔ قم میں زیر تعلیم ہندوستان اور پاکستان کے طلبا کا ماتمی جلوس بھی شہر کی مختلف سڑکوں سے گزر کر روضہ اقدس پر اختتام پذیر ہوا۔دارالحکومت تہران سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قریوں میں بھی عزاداران شہدائے کربلا نے شب عاشور مجالس عزا ، نوحہ و ماتم اور شب عاشور کے مخصوص اعمال ، عبادت اور دعا ومناجات میں بسر کی اور اب سے تھوڑی دیر بعد پورے ایران میں شام غریباں کے مخصوص جلوس برآمد ہوں گے۔ادھر عراق کے مقدس شہر کربلا میں دسیوں لاکھ عزاداروں کا اجتماع ہے جو سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور علمدار کربلا حضرت عباس علیہ السلام کے روضوں کے اندر اور بین حرمین میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی میں مصروف ہیں۔کربلا سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پورے عراق سے پیدل چل کر تقربیا" پندرہ ہزار ماتمی دستے بدھ ، نو محرم کو ، ہی کربلا پہنچ گئے تھے۔عراق میں ہر سال ملک کے دور دراز کے علاقوں سے دسیوں لاکھ عراقی طویل مسافت پیدل طے کرکے عاشور کی عزاداری میں شرکت کے لئے کربلائے معلی پہنچتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایران ، پاکستان، ہندوستان اور دیگر بہت سے ممالک سے دسیوں ہزار عاشقان اہل بیت رسول عاشور کے موقع پر کربلا پہنچتے ہیں۔ ہندوستان اور پاکستان میں یوم عاشور کل منایا جائےگا۔ ان دونوں ممالک میں آج نویں محرم کی مناسبت سے عزاداری کا انعقاد کیا گيا۔پاکستان کے مختلف علاقوں میں نویں محرم کے جلوس برآمد کئے گئے اور مجالس عزا کا انعقاد کیا گيا ہے۔اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ہندوستان میں بھی مختلف علاقوں میں آج نویں محرم کے جلوس عزا برآمد ہوئے اور مجالس عزا کا اہتمام کیا گيا ہے۔دونوں ممالک میں آج پوری رات عزاداری کا سلسلہ جاری رہے گا اور شب عاشور کے مخصوص اعمال انجام دئے جائیں گے۔