• صارفین کی تعداد :
  • 966
  • 4/4/2011
  • تاريخ :

علاقے میں مزید انقلابات رونما ہوں گے، رہبر انقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی نے آج فوج اور پولیس کے کمانڈروں اور عہدہ داروں سے ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور منجملہ مسئلہ فلسطین پر اسلامی انقلاب سے مرتب ہونے والے گہرے اثرات کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ علاقے کی تحریکیں رفتہ رفتہ جمع ہونے والے جذبات، افکار و نظریات اور فیصلوں کا نتیجہ ہیں جو اب سامنے آیا ہے اور اس کا سرچشمہ ملت ایران کی پائیداری اور ثبات قدم ہے اور یہ اسلامی مملکت ایران کی پیشرفت کی علامتیں ہیں۔

ابنا: رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اسلامی انقلاب شجرہ طیبہ کی مانند ہے اور بتیس سالہ استقامت کے ثمرات قوم کے وقار، اسلامی نطام کے سیاسی افتخار اور سائنسی و معاشی شعبوں میں ہونے والے ترقی و پیشرفت، جابر قوتوں کے مقابلے میں مضبوط پوزیشن کی صورت میں جاری ہیں اور یہ اس وقت علاقے کی اقوام کے لئے نمونہ عمل بن چکا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے ایٹمی مسئلے کو بھی ملت ایران کی پائيداری کا آئینہ قرار دیا اور فرمایا کہ ایٹمی معاملے میں استکباری طاقتوں نے اپنی سیاسی، تشہیراتی اور اقتصادی توانائیوں کو استعمال کیا اور ہنگامہ آرائی، دباؤ اور پابندیوں کے ذریعے اسلامی جمہوریہ کو اس حق سے محروم کرنے کی کوشش کی لیکن آٹھ سال کا عرصہ گزر جانے کے بعد آج اسلامی جمہوریہ ایران سامراج کی تمام سازشوں پر غالب آ چکا ہے اور اس نے ایٹمی شعبے میں نمایاں ترقی کرکے ثابت کر دیا کہ عزم و ارادے کی جنگ میں وہ دنیا کی بڑی طاقتوں سے زیادہ طاقتور ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا :

استکباری طاقتوں سے بتیس برسوں پر محیط جنگ میں اسلامی جمہوریہ ایران نہ صرف یہ کہ ان طاقتوں کے ظالمانہ عالمی نظام کے سامنے جھکا نہیں بلکہ اس نے پیشرفت بھی کی جبکہ دوسری طرف حریفوں بالخصوص امریکہ کے اندر گزشتہ برسوں کی نسبت کمزوری اور شکست کے آثار دکھائے دینے لگے ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے جوش و جذبے کے ساتھ بلا وقفہ محنت و جفاکشی، خلاقیت و توکل علی اللہ کے جذبے کے ساتھ دراز مدتی نقطہ نگاہ کو وقت گزرنے کے ساتھ قوموں کی تحریکوں کے ثمر بخش اور بارآور ہونے کی بنیادی وجہ قرار دیا اور فرمایا کہ اس وقت علاقے میں جو بابرکت مہم شروع ہوئی ہے وہ ملت ایران کے عزم و ارادے، شجاعت و ہمت اور پورے جوش و خروش اور توانائيوں کے ساتھ میدان میں موجودگی کے ثمرات کا ایک حصہ ہے اور آنے والے دنوں میں علاقے میں مزید تبدیلیاں رونما ہوں گی۔

رہبر انقلاب اسلامی نے نشو نما اور بالیدگی کو موسم بہار اور نوروز کی اہم خصوصیات سے تعبیر کیا اور فرمایا کہ انسان بھی خود کو فطرت سے ہم آہنگ کر سکتے ہیں اور نشو نما، بالیدگی، سعی و کوشش اور خلاقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے لئے اس موقع سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اہداف خداوندی کی راہ پر قدم رکھنے اور نصرت الہی کے وعدے پر ایمان و ایقان کو نشونما اور بالیدگی کی تمہید قرار دیا اور فرمایا کہ اللہ تعالی پر ایمان اور اس سے لو لگانا، مشکلات کا سامنا ہونے پر مایوس نہ ہونا اور دراز مدتی نقطہ نگاہ پیشرفت اور ترقی کا راز ہے لہذا اس جذبے کو پہلے سے زیادہ مستحکم بنانا چاہئے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے ایران میں اسلامی انقلاب کی فتح اور مشکلات اور دباؤ کے سامنے ملت ایران کی پائیداری و استقامت کو نشونما اور بالیدگی کی خصوصیت سے مزین تحریک کا نمونہ قرار دیا اور فرمایا کہ دنیا کے تقریبا تمام سیاسی مبصرین یہ تسلیم کرتے ہیں کہ مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کے علاقے میں جاری موجودہ تحریک ملت ایران کے قیام کا تسلسل ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب میں مسلح فورسز کو بلند حوصلے، سعی پیہم اور وسائل کی صحیح آرائش کی ہدایت کی اور فرمایا کہ مسلح فورسز کی سطح پر پیش قدمی کا بڑا اچھا عمل شروع ہوا ہے جو پورے جوش و جذبے اور سرعت کے ساتھ جاری رہنا چاہئے۔