اسلامی اخوت کی بنیاد پر پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کی مدد کے لئے آگے بڑھیں
رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے تمام مسلمان قوموں کے نام اپنے پیغام میں پاکستان میں وسیع پیمانے پر سیلاب کی تباہی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تاکید فرمائی ہے کہ ہمیں اس سنگین اور حساس موقع پر اخوت اسلامی کی بنیاد پر اپنے وظیفہ اورذمہ داری پر عمل کرنا چاہیے اور سیلاب سے متاثرہ پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کی مدد کے لئے آگے بڑھنا چاہیے۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی کے پیغام کا متن حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
عظیم امت اسلامی
سیلاب کے المناک حادثے نے پاکستان کے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو عظیم اور دردناک مشکلات سے دوچار کردیا ہے سیلاب کی وسعت میں ہر روز اضافہ ہورہا ہے اس تباہ کن سیلاب میں پاکستان کے شمال سے لیکر جنوب تک بہت سے علاقہ اور کئی ملین افراد متاثر اور بے گھر ہوئے ہیں یہ المناک حادثہ اتنا وسیع ہے کہ اس میں امداد رسانی کے کاموں میں بھی خلل پیدا ہورہا ہے۔
پاکستان کی مسلمان قوم ایک طرف اس عظیم اور دردناک حادثہ کا سامنا کررہی ہے اور دوسری طرف امریکہ کی غاصب فوجیں مختلف بہانوں سے اس اسلامی ممالک کی سرزمین کو اپنے ظلم وستم اور اپنی بربریت کا نشانہ بنا رہی ہیں۔
امت مسلمہ
پاکستان میں سیلاب کی تباہی اتنی وسیع اور تباہ کن ہے کہ ہمارے لاکھوں پاکستانی بہنوں اور بھائیوں کو فوری طور پر غذائی اشیاء اور ادویات کے علاوہ لباس اور رہائش کی سخت ضرورت ہے پاکستان کا وسیع بنیادی ڈھانچہ تباہ ہوگیا ہے افسوس کا مقام ہے کہ اس موقع پر بین الاقوامی امداد رسانی کے اداروں نے مشکلات میں گرفتار پاکستانیوں تک امداد رسانی کے کام کو حسن و خوبی کے ساتھ انجام نہیں دیا اور یہ ایسا امر ہے کہ جس پر توجہ دینے اور تجزیہ کرنے کی ضرورت ہے۔
مسلمان بھائیو اور بہنو
ہماری امداد کا حجم جتنا بھی زیادہ ہو وہ پاکستانی عوام کی عظیم نیاز اور ضرورت کے پیش نظر بہت ہی کم ہے لیکن ان دشوار اور مشکل حالات میں ہمیں چاہیے کہ ہم اسلامی اخوت و برادری کی بنیاد پر اپنی ذمہ داری پر عمل کرتے ہوئے اپنے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کی مدد کے لئے آگے بڑھیں ۔ اسلامی ممالک اور بین الاقوامی اداروں کو اس اہم نکتہ پر توجہ مبذول کرنی چاہیے کہ وہ پاکستانی حکومت کو امداد رسانی اور اس عظیم مشکل کے طویل المدت اثرات پر قابو پانے کے سلسلے میں اپنا تعاون پیش کریں یقینی طور پر ہنگامی حالات میں ایسی مشکل پر قابو پانے کے لئے ہر حکومت مکمل طور پر اور ہر لحاظ سے امداد رسانی کے کام میں مشکلات سے دوچار ہوجاتی ہے۔۔
سید علی خامنہ ای