1
جو اشخاص رشتہ داری کی بنا پر کسی کا ترکہ لے سکتے ہیں ان کے تین طبقے ہیں: پہلا طبقہ : مرنے والے کے ماں باپ اور اولاد نہ ہونے کی صورت میں اولاد کی اولاد جتنے نیچے چلے جائیں تو جو میت کے زیادہ قریب ہوگا وہ اس کا ترکہ لے گا اور اس طبقے کا جب تک ایک فرد بھی موجود ہے دوسرے طبقے والے ارث نہیں لے سکتے۔ دوسرا طبقہ : دادا اور نانا یا اس کا باپ جتنا اوپر چلے جائیں اور دادی اور نانی اور اس کی ماں جتنا اوپر چلے جائیں۔ بہن اور بھائی اور بہن بھائی جب موجود نہ ہوں تو ان کی اولاد میں سے جو میت کے زیادہ قریب ہو وہ ترکہ لے گا اور جب تک اس طبقے کا ایک آدمی بھی موجود ہو تیسرے طبقے والے ارث نہیں لے سکیں گے۔ تیسرا طبقہ : چچا پھوپی ماموں اور خالہ جتنا اوپر چلے جائیں اور ان کی اولاد جتنا نیچے چلی جائیں اور جب تک چچوں ، پھوپھیوں ، مامو وں یا میت کے خالاوں میں سے کوئی زندہ ہے ان کی اولاد میراث نہیں لے سکے گی البتہ اگر مرنے والے کا باپ کی طرف سے چچا اور ماں باپ دونوں کی طرف چچا زاد بھائی موجود ہے اور ان دو کے علاوہ کوئی وارث نہیں ہے تو ماں باپ کی طرف سے چچاکے بیٹے کو میراث ملے گا اور باپ کی طرف سے چچا کو نہیں ملے گا۔ |