• صارفین کی تعداد :
  • 1493
  • 4/29/2008
  • تاريخ :

پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو حتمی شکل دیدی گئی،

 چین کو شامل کرنے پر اتفاق:

پاک ایران

 اسلام آباد۔ پاکستان اور ایران نے گیس پائپ لائن منصوبے کے زیر التوا معاملات کو حتمی شکل دے دی ہے ، معاہدے پر جلد ہی تہران میں دستخط ہوں گے۔ ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے صدر پرویز مشرف کی طرف سے گیس لائن منصوبے میں چین کو بھی شامل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ پاکستان اور ایران کے صدور کے درمیان ایوان صدر اسلام آباد میں پہلے ون آن ون ملاقات ہوئی ۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات ، مختلف شعبوں میں تعاون اور تجارت کو بڑھانے، آئی پی آئی گیس پائپ لائن منصوبے، پاکستان کو بجلی کی فراہمی، ایران کے ایٹمی پروگرام، افغان صورتحال، عالمی اور علاقائی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا ۔ بعد میں دونوں ممالک کے وفود نے بھی مذاکرات میں شرکت کی۔ان مذاکرات میں پاک ایران بھارت گیس پائپ لائن منصوبے پر عمل درآمد کے لئے تمام معاملات پر اتفاق کرتے ہوئے اسے حتمی شکل دی گئی ۔ یہ اتفاق کیا گیا کہ گیس لائن کے معاہدے پر جلد ہی تہران میں پاکستان اور ایران کے صدور دستخط کریں گے ۔ ذرائع نے بتایا کہ صدر مشرف نے ایرانی صدر کو تجویز پیش کی کہ گیس پائپ لائن منصوبے کو چین تک بھی توسیع دی جائے ، اس پر ایرانی صدر نے مثبت رد عمل کا اظہار کیا اور کہا کہ اس منصوبے کی چین تک توسیع سے تمام متعلقہ فریقین کو فائدہ پہنچے گا ۔ پاکستان کی بجلی کی ضرویات پورا کرنے کے لیے ایرانی صدر نے پاکستان کو گیارہ سو میگاواٹ کی فراہمی پر بھی رضامندی ظاہر کی ۔ دونوں رہنماؤں نے ترجیحی تجارت کے معاہدے کے تحت دو طرفہ تجارت کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ ان مذاکرات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر پانی و بجلی راجہ پرویز اشرف شریک تھے جبکہ ایران کی طرف سے وزیر خارجہ منوچہر متقی اور وزیر تجارت مسعود میر نے ایرانی صدر کی معاونت کی۔  وزیر خارجہ شاہ محمود نے میڈیا کو بتایا کہ ایرانی صدر نے گیس پائپ لائن معاہدے پر دستخط کے لیے صدر مشرف کو تہران کے دورے کی دعوت دی ہے اور اس دورے کے پروگرام کو جلد حتمی شکل دی جائے گی ۔

 

متعلقہ تحریریں:

 ایران کے ساتھ تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں: سید یوسف رضا گيلانی

 اسلام مخالف سازشوں کا مرکز امریکہ