• صارفین کی تعداد :
  • 2332
  • 3/6/2011
  • تاريخ :

پیغمبر اکرم (ص) کے دلنشین پیغامات

پيغمبر اکرم (ص)
رجب المرجب کو ہجرت سے 13 سال قبل ، پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی بعثت ، شرک ، ناانصافی ، نسلی قومی و لسانی امتیازات ، جہالت اور برائیوں سے نجات و فلاح کا نقطۂ آغاز کہی جا سکتی ہے اور صحیح معنی میں خدا کے آخری نبی نے انبیائے ما سبق کی فراموش شدہ تعلیمات کواز سر نو زندہ و تابندہ کرکے عالم بشریت کو توحید ، معنویت ، عدل و انصاف اورعزت و کرامت کی طرف آگے بڑھایا ہے ۔

حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے اپنے دلنشین پیغامات کے ذریعے انسانوں کو مخاطب کیا کہ "خبر دار ! خدا کے سوا کسی کی پرستش نہ کرنا اور کسی کواس کا شریک قرار نہ دینا تا کہ تم کو نجات و فلاح حاصل ہو سکے "۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی اس پر خلوص معنوی تبلیغ نے جہالت و خرافات کی دیواریں بڑی تیزی سے ڈھانا شروع کردیں اورلوگ جوق درجوق اسلام کے گرویدہ ہوتے چلے گئے ۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی بعثت در حقیقت انسانوں کی بیداری اورعلم و خرد کی شگوفائی کا دور ہے ۔ آج رسول اسلام کی بعثت کو صدیاں گزر چکی ہیں لیکن عصر حاضر کے ترقی یافتہ طاقتور انسانوں کو، پہلے سے بھی زیادہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے پرامن پیغامات اور انسانیت آفریں تعلیمات کی ضرورت ہے ۔اس گفتگو میں ، ہم اسی موضوع کا جائزہ لینا چاہتے ہیں کہ بنیادی طور پر پیغمبر اسلام کی بعثت آج کے انسانوں کے لئے کن پیغامات کی حامل ہے۔اس کے جواب میں سب سے پہلے یہ دیکھنے کی ضرورت ہے ختمی مآب محمد مصطفیٰ، صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے انسانوں کو کس چیز کی دعوت دی ہے ؟ در اصل انسان کے یہاں بعض خواہشیں اور فطری میلانات موجود ہیں، یہ فطری میلان خود انسان کے وجود میں ودیعت ہوئے ہیں اور ان کو ختم نہیں کیا جا سکتا ۔ مثال کے طور پر اچھائيوں کی طرف رغبت اور پسند، تحقیق و جستجو کا جذبہ یا اولاد سے محبت وہ انسانی خصوصیات ہیں جن کو اس کی ذات سے الگ نہیں کیا جا سکتا ۔ ظاہر ہے دنیا میں آنے والا ہر وہ انسان کہ جس نے فطرت کی آواز پر لبیک کہی ہو حقیقی اور جاوداں انسان بن جائےگا کیونکہ یہ وجود انسانی خواہشات کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے اور اس کی فطری ضرورتوں کی تکمیل کرتا ہے ۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی بعثت ، انسان کی فطری ضروریات کی تکمیل کے لئے ہوئی ہے اوراس نے ایمان و معرفت ، آگہی و بیداری اور برادری و انسان دوستی کے چراغ روشن کئے ہیں ۔ لہذا رسول خدا کی بعثت کا دن انسانی زندگي میں ایک عظيم انقلاب اور تجدید حیات شمار ہوتا ہے وہ انقلاب جو انہوں نے بر پا کیا ہے انسان کوخود اپنے اوراپنے انجام دئے گئے برے اعمال کے خلاف جدو جہد پرآمادہ کرتا ہے اور جو بھی رسول خدا کے روشنی بخش پیغامات کو سنتا ہے اپنی اورکائنات کی حقیقی شناخت پیدا کرلیتا ہے اور پھر خود کو ہی عدل و انصاف کی عدالت میں کھڑا پا کر اپنے وجود میں ایک نئے انسان کی تعمیر پر مجبور ہوجاتا ہے ۔

یہ خصوصیات صرف مذہب کے ساتھ وابستہ ہیں کہ وہ آدمی کو ایک خالص مادی اور دنیوی قالب سے نکال کر سچائی اورانصاف کی معنوی دنیا تک پہنچا دیتا ہے اور ایک نفس پرست کوانصاف پسند نیکوکار انسان میں تبدیل کردیتا ہے ۔ مذہب انسان کی حیات کےلامتناہی چشمے کی طرف رہنمائی کرتا ہے اور وحی دنیا کی باتیں اس کے دل و جان میں جگہ بنالیتی ہیں ۔

 وحی کی باتیں انسان کو زندگي ، کیف و نشاط اور بیداری و آگہی عطا کرتی ہیں ، وحی کی باتیں ، معرفت کا چراغ ہیں جو انسان کو حقائق محض سےآشنا بنا دیتی ہیں ۔ ہر عہد اور ہر زمانے کا انسان اس جاوداں نور سے روشنی حاصل کر کے ، اپنے اندر معنویت کی نئی جوت جگاسکتا ہے اور پھر ترقی و کمال کی اعلیٰ معراج طے کر سکتا ہے ۔ قرآن کریم میں انبیاء (ع) کی بعثت کا فلسفہ ، انسان کی تعلیم و تربیت ، عدل و انصاف کی برقراری، تاریکیوں سے رہائی اور جبر و استبداد سے انسان کو آزادی دلانا بتایا گیا ہے ۔

اردو ریڈیو تہران


متعلقہ تحریریں :

اعرابی اور رسول اکرم صلی اللہ وعلیہ وآلہ وسلّم

ازدوا ج پيغمبر (ص) ا كرم اور مفہوم اہلبيت (ع) ( حصّہ چهارم )

ازدوا ج پيغمبر (ص) ا كرم اور مفہوم اہلبيت (ع) ( حصّہ سوّم )

ازدوا ج پيغمبر (ص) ا كرم اور مفہوم اہلبيت (ع) ( حصّہ دوّم )

ازدوا ج پيغمبر (ص) ا كرم اور مفہوم اہلبيت (ع)