• صارفین کی تعداد :
  • 1609
  • 1/21/2009
  • تاريخ :

پہلے  ون ڈے  میں  پاکستان نے سری لنکا کو  8  وکٹ سے ہرا دیا

cricket

کراچی(روزنامہ جنگ )

 پاکستانی اوپنرز سلمان بٹ اور خرّم منظور پر مرلی دھرن اور مینڈس کا جادو نہ چل سکا۔ ہوم سائیڈ نے سری لنکا کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے کراچی ون ڈے 8 وکٹ سے جیت لیا ۔ مہمان ٹیم کی بیٹنگ کے بعد بولنگ بھی ناکام رہی ۔ 168 رنز کی اوپننگ شراکت کے بعد سری لنکن ”ٹو ایم “ تھکے ہوئے دکھائی دیے ۔ سری لنکن ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 45.2 اوورز میں 219 بناکر آؤٹ ہوگئی۔

 

پاکستان نے45.5 اوورز میں دو وکٹ کے نقصان پر 220 رنز بنالئے۔ گرین شرٹس نے شعیب ملک کی کپتانی میں لگاتار چھٹی کامیابی حاصل کی۔ اس سے قبل ایشیاکپ میں دو اور ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچ جیتے تھے۔ سلمان بٹ نے ناقابل شکست100اور شعیب ملک نے گیارہ رنز بنائے۔ سلمان بٹ نے61 ویں میچ میں سری لنکا کے خلاف پہلی اور کیریئر کی آٹھویں سنچری بنائی ۔ وہ بھارت کے خلاف پانچ اور بنگلہ دیش کے خلاف دو سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔ شعیب اختر اور مینڈس جنہیں سب سے خطرناک بولر قرار دیا جارہا تھا، کوئی وکٹ نہ لے سکے۔

 

 مرلی دھرن نے 42 رنز دے کر ایک وکٹ لی۔ خرم نے 128 گیندوں پر 83 رنز 9 چوکوں کی مدد سے بنائے۔ وہ مرلی دھرن کی گیند پر کاٹ اینڈ بولڈ ہوئے۔ سلمان بٹ نے سنچری 178منٹ میں116 گیندوں پر 13چوکوں کی مدد سے اسکور کی۔ سلمان بٹ کے مقابلے میں خرم منظور سست روی سے کھیلے۔ پاکستان کے پچاس رنز13.5اوورز میں بنے۔ خرّم منظور نے نصف سنچری 93 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے مکمل کی ۔ پاکستان نے چار فاسٹ بولروں کو کھلانے کا درست فیصلہ کرتے ہوئے سری لنکا کو 45.2 اوورز میں 219 رنز تک محدود رکھا۔راؤ افتخار انجم نے 42 رنز دے کر چار اور عمر گل نے 30 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 

 سری لنکا کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا کی اننگز کا آغاز تیزی سے ہوا ،سنتھ جے سوریا اور دلشان نے پہلی وکٹ پر 53 گیندوں پر 71 رنز کا اضافہ کیا۔ شعیب اختر کی گیند پر تلیکا رتنے دلشان کو چانس ملا جب17رنز پر یونس خان سلپ میں کیچ لینے میں ناکام رہے۔جے سوریا سہیل تنویر کی پہلی گیند پر ایل بی ڈبلیو تھے لیکن امپائر نے نوبال قرار دے دی۔ سری لنکا کے پچاس رنز6.1 اوورز میں بنے۔ جے سوریا کو اس وقت زندگی ملی جب شاہد آفریدی راؤ افتخار کی گیند پر کیچ لینے میں ناکام رہے۔ سری لنکا کی ٹیم اچھے آغاز کے باوجود تین وکٹیں 18رنز پر گنوا بیٹھی۔ کمارا سنگا کارا چار چوکوں کی مدد سے70 گیندوں پر 49 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ دلشان نے 33 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے42 رنز بنائے، سنتھ جے سوریا نے چھ چوکوں کی مدد سے 38 رنز اسکور کئے۔ سری لنکا کی وکٹیں اوپر تلے گرتی رہیں۔ جے وردھنے ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے ۔چمارا کاپو گیدرا 27 اور نوان کولا سیکرا نے24 رنز بناکر اننگز کو استحکام دیا۔ دونوں کی شراکت میں 33رنز بنے۔ سنگا کارا اور کاپو گیدرا نے تیسرے وکٹ پر54 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔راؤ افتخار انجم نے2007 کے ورلڈ کپ سے اب تک 28میچوں میں51کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔دوسرا میچ بدھ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔