• صارفین کی تعداد :
  • 695
  • 3/30/2016
  • تاريخ :

عالم اسلام میں بدامنی دشمنوں کے مفاد میں ہے، ڈاکٹر لاریجانی

عالم اسلام میں بدامنی دشمنوں کے مفاد میں ہے، ڈاکٹر لاریجانی

ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ عالم اسلام میں بدامنی اور فرقہ واریت سے غاصب صیہونی حکومت اور اسی طرح امت مسلمہ میں اتحاد کے مخالفین کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے پاکستان کی سینٹ کے چیئرمین رضا ربانی کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں لاہور کے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاشبہ کسی بھی قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی دین اسلام کے اصول اور پیغمبر اسلام(ص) کی سیرت طیبہ کے منافی ہے۔

انھوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان میں امن و استحکام کو علاقے اور پورے عالم اسلام کے امن سے متعلق سمجھتا ہے اور وہ، علاقے میں پائیدار امن کو مستحکم بنانے کے لئے عمل میں لائے جانے والے ہر طرح کے اقدام کی حمایت کرتا ہے۔ ڈاکٹرعلی لاریجانی نے کہا کہ ایران اس سلسلے میں ہر طرح کا تعمیری تعاون کرنے کے لئے آمادہ ہے۔

واضح رہے کہ اتوار کے روز پاکستان کے شہر لاہور میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکے میں ستّر سے زائد افراد مارے گئے تھے جن میں انتیس عورتیں اور بچّے بھی شامل ہیں جبکہ تین سو سے زائد دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔