• صارفین کی تعداد :
  • 842
  • 10/24/2011
  • تاريخ :

بيگم نصرت بھٹو کے انتقال پر ملک بھر ميں عام تعطيل

نصرت بھٹو

پيپلز پارٹي کے باني چيئرمين و سابق وزير اعظم ذوالفقار علي بھٹو کي بيوہ، سابق وزير اعظم بينظير بھٹو شہيد کي والدہ، صدر پاکستان آصف زرداري کي خوش دامن و پاکستان کي سابق خاتون اول بيگم نصرت بھٹو کے انتقال پر ملک بھر ميں عام تعطيل ہے-

عام تعطيل اور سرکاري سطح پر10 روزہ سوگ کا اعلان وزير اعظم يوسف رضا گيلاني کي جانب سے کيا گيا جبکہ پيپلز پارٹي نے 40 روزہ سوگ کا اعلان کيا ہے-

آج ملک بھر ميں عدالتيں، بينک، دفاتر، اسکول، کالجز اور يونيورسٹيوں سميت تمام ادارے بند رہيں گے- انتقال کي خبر پر ملک بھر ميں فضا مکمل طور پر سوگوار ہے جبکہ حيدر آباد سميت سندھ بھر کے مختلف شہروں ميں انتقال کے سوگ ميں دکانيں، مارکيٹيں اور بازار بند ہيں- پيپلز پارٹي کے دفاتر اور کارکنوں کے گھروں پر سياہ پرچم لہرا ديئے گئے اور تقريبات منسوخ اور پارٹي سرگرمياں معطل کردي گئيں، پارٹي کے ضلعي دفاتر ميں مرحومہ کے ايصال ثواب کيلئے قرآن خواني و فاتحہ خواني کي جائے گي- انتقال کي خبر کے بعد کراچي سميت ملک بھر سے پيپلز پارٹي کے کارکنوں کي بڑي تعداد گڑھي خدا بخش پہنچنا شروع ہوگئي - گورنر ہاوس سندھ کے اعلاميہ کے مطابق جامعات ميں ہونے والے امتحاني پرچے بھي ملتوي کرديئے گئے ہيں اور صوبے کے ثانوي اور اعليٰ ثانوي بورڈز کے تحت آج پير کو ہونے والے پرچے بھي ملتوي کرديئے گئے ہيں-

سندھ حکومت نے بھي صوبے بھر ميں آج عام تعطيل کا اعلان کيا ہے اس موقع پر صوبے بھر کے تمام سرکاري دفاتر اور تعليمي ادارے بند رہيں گے- جسد خاکي پاکستان لانے کيلئے انتظامات کئے جا رہے ہيں-

 پيپلزپارٹي سندھ کے سيکريٹري اطلاعات وقار مہدي نے کہا ہے کہ پي پي سندھ کے صدر اور وزيراعليٰ سندھ سيد قائم علي شاہ نے پارٹي کي تمام تنظيموں کو ہدايت کي ہے کہ مادر جمہوريت بيگم نصرت بھٹو کے انتقال کے سوگ ميں پورے صوبے ميں پارٹي کي تمام سرگرمياں معطل کردي گئي ہيں پارٹي کي جانب سے 40 روزہ سوگ منايا جائے گا اور پارٹي کے تمام ضلعي دفاتر ميں مرحومہ کے ايصال ثواب کيلئے قرآن خواني اور فاتحہ خواني منعقد کي جائے گي-

بشکریہ : جنگ