• صارفین کی تعداد :
  • 634
  • 5/28/2011
  • تاريخ :

پاکستان: ایوان صدر میں ہیلری کلنٹن کی صدر، وزیراعظم اور کیانی سے ملاقات

ہیلری کلنٹن

اسلام آباد سے موصولہ تازہ اطلاعات کے مطابق ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری سے امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے ملاقات کی۔

ابنا: ملاقات میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور امریکی فوج کے سربراہ مائیک مولن بھی موجود تھے۔

ملاقات میں دہشتگردی سے متعلق جنگ، ایبٹ آباد آپریشن کے بعد پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہیلری کلنٹن نے صدرزرداری سے ان کے والد حاکم علی زرداری کے انتقال پر تعزیت بھی کی۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ امریکہ کی طرف سے مطالبات کی طویل فہرست پیش گئی جس میں مختلف علاقوں میں آپریشن اور ڈرون حملوں سے ہونے والی کامیابیوں کے بارے میں بتایا گیا جبکہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے کہا کہ آپریشن میں داخلی صورتحال کو مدنظررکھا جائے گا ۔

ملاقات میں پاکستانی حکام نے ٹھوس شواہد پیش کئے اور امریکی حکام کو بتایا کہ اسامہ بن لادن کی ایبٹ آباد میں موجودگی کے بارے میں سیاسی اور عسکری قیادت کو علم نہیں تھا۔ دوسری جانب ہیلری کلنٹن اور مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی ملاقات منسوخ کردی گئی ہے۔

اس سے پہلے اطلاع ملی تھی کہ ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری اور امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کی  ملاقات جاری ہے ۔ ملاقات میں وزیر اعظم اور آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی بھی شریک ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن ایبٹ آباد میں یکطرفہ امریکی کارروائی کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان آئی ہیں۔ ان کا وفد چھبیس افراد پر مشتمل ہے۔ ایک روزہ دورے پر آئی وزیر خارجہ پاکستان پہنچ کر امریکی سفارتخانے جانے کے بجائے غیر متوقع طور پر سیدھا ایوان صدر پہنچیں۔

اس وقت پاک امریکا تعلقات میں سرد مہری عروج پر ہے۔ امریکا کی جانب سے تناؤ دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

اس سلسلے میں امریکی فوج کے سربراہ ایڈمرل مائیک مولن اور امریکی وزیرخارجہ ہیلری کلنٹن پاکستان آئے ہیں۔

ہیلری کلنٹن کا دورہ راوں ماہ کے دوسرے ہفتے میں امریکی جاسوس ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے بعد متوقع تھا تاہم سیکیورٹی خدشات کے باعث اسے ملتوی کرنا پڑا۔

ذرائع کے مطابق ایبٹ آباد آپریشن کے بعد پاک امریکا تعلقات میں پیدا ہونے والے تناو کو دور کرنے کے لیئے امریکی عسکری اور سیاسی قیادت کی دوا ہم شخصیات کی پاکستان میں موجودگی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔

 ذرائع کے مطابق ایوان صدر میں امریکی قیادت کی پاکستانی حکام سے ہونے والی ملاقات میں امریکی مطالبات کی طویل فہرست پیش کی گئی۔