• صارفین کی تعداد :
  • 816
  • 4/3/2011
  • تاريخ :

بھارت نے کرکٹ  ورلڈ کپ جیت  لیا

بھارت نے کرکٹ  ورلڈ کپ جیت  لیا

بھارتی شہر ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ہزاروں تماشائیوں کے خیر مقدمی نعروں کی گونج اور دنیا بھر میں موجود کرکٹ کے لاکھوں پرستاروں کی نگاہوں کے سامنے مہندرا سنگھ دھونی کی قیادت میں انڈیا کی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2011ء کا تاریخی فائنل جیت کر کرکٹ کی عالمی حکمرانی کا تاج اپنے سر سجا لیا، اس فیصلہ کن معرکے میں سخت مقابلے کے بعد سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست ہوئی۔انڈیا کی فتح میں گوتم گمبھیر اور کپتان مہندراسنگھ دھونی کی چوتھی وکٹ کے لیے 109رنز کی پارٹنر شپ نے اہم کردار ادا کیا،یووراج مین آف دی ٹورنامنٹ قرارپائے،انڈیا نے میزبان ملک کی کپ نہ جیتنے کی روایت بھی توڑ دی ۔ جیو سوپر نے میچ براہ راست دکھایا۔ سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6وکٹوں کے نقصان پر 274 رنز بنائے۔ مہیلا جے وردھنے نے سب سے زیادہ103رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ جے وردھنے کی ذمے دارانہ سنچری صرف 84گیندوں پر مکمل ہوئی۔ سنگاکارا نے 48اور تلکارتنے دلشان نے 33رنز کی اننگز کھیلیں جبکہ آخری اووروں میں کلاسیکارا نے 32اور پر یرانے صرف 9 گیندوں پر 22رنز بناکر انڈین بولنگ کو حیران کردیا۔ 

ظہیر خان اور یووراج نے 2,2وکٹیں لیں، ظہیر نے ان وکٹوں کے لیے 60اور یووراج نے 49رنز دیئے۔ بھارتی فاسٹ بولر سری سانت نے 8اوور میں 52اور ہربھجن سنگھ نے 10اوور میں 50رنز دیئے۔

سری لنکا کے بیٹسمینوں نے آخری 5اوور میں 63رنز بنائے۔ انڈیا کی بیٹنگ کا آغاز تباہ کن انداز میں ہوا جب پہلے ہی اوور میں سری لنکا کے اسپیڈ اسٹار ملنگا نے وریندر سہواگ کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا، اس وقت انڈیا کا اسکور صفر تھا۔31کے مجموعے پر جب ملنگا نے سچن ٹنڈولکر کو سنگاکارا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا تو تمام بھارتیوں کے چہرے لٹک گئے، ٹنڈولکر نے 18رنز بنائے۔31رنز پر 2وکٹیں گرنے کے بعد گوتم گمبھیر اور ویرات کوہلی نے ٹیم کو سہارا دیا اور اسکور کو 114رنز تک لے گئے، کوہلی 35رنز بناکر دلشان کا شکار بنے۔ دلشان نے اپنی ہی گیند پر کوہلی کا شاندار کیچ لیا۔ گمبھیر اور دھونی نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملنگا اور مرلی دھرن کے ساتھ تمام بولروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور چوتھی وکٹ کے لیے109 رنز کی فتح گر شراکت قائم کرکے عالمی چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔گمبھیر 97رنز بناکر پریرز کی گیند پر بولڈ ہوئے، وہ ورلڈ کپ کیفائنل میں سنچری بنانے کا کارنامہ انجام نہیں دے سکے۔ انڈیا نے 275رنز کا ٹارگٹ 48.2میں 4وکٹیں کھو کر حاصل کر لیا۔

بشکریہ  روزنامہ جنگ