• صارفین کی تعداد :
  • 986
  • 11/30/2010
  • تاريخ :

جرائم اور دہشت گردی کی خبریں

جرائم اور دہشت گردی کی خبریں

کراچی: تحریک طالبان سوات کا شدت پسند کمانڈر بھائی سمیت گرفتار 

آج علی الصباح سوات سے تعلق رکھنے والے شدت پسند کمانڈر عبداللہ کو اس کے بھائی سمیت کراچی سے گرفتار کرلیاگیا ہے۔ کمانڈر عبداللہ کالعدم تحریک طالبان سوات کے سربراہ مولانا فضل اللہ کا قریبی ساتھی اور دست راست سمجھا جاتا تھا۔ وہ سوات میں شدت پسندوں کے ہیڈ کوارٹر امام ڈھیرئی کا سربراہ اور کالعدم تحریک طالبان سوات کی شوریٰ کا رکن بھی تھا۔ 

نارتھ کراچی سے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 3 ملزمان گرفتار 

نیو کراچی کے علاقے خواجہ اجمیر نگری میں اے وی سی سی کی ٹیم نے چھاپے کے بعد ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے،اے وی سی سی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار کئے گئے ملزمان میں سے دو ملزمان نے کراچی میں پاسبان کے جنرل سیکریٹری محمد علی کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا،جس کے بعد تفتیش اور ثبوت سے یہ بات واضح ہوئی ہے کہ اصل ملزمان یہی ہیں، جبکہ گرفتار کئے جانے والے ملزمان سے مزید تفتیش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ 

کراچی: مبینہ ٹاؤن میں فائرنگ، ایک شخص جاں بحق

پولیس کے مطابق گلشن اقبال کے علاقے میں واقع مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے25 سالہ شخص ہلاک ہوگیا،مقتول کی شناخت بھی تاحال نہیں ہوسکی ہے، جبکہ کیماڑی کے علاقے میں نامعلوم سمت سے چلنے والی گولی کی ذد میں آکر بچہ زخمی ہوگیا، ادھر تھانہ محمود آباد کی حدود میں واقع منظور کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 42 سالہ شریف ولد نور محمد زخمی ہوگیا، مقتول اور دونوں زخمیوں کو پولیس کاروائی اور طبی امداد کی فراہمی کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

پشاور: بورا کے ٹیلی فون ایکسچینج پر حملہ، ایف سی اہلکار شہید 

شدت پسندوں کی فائرنگ سے ڈیوٹی پر موجود ایف سی کا ایک سپاہی محمد یعقوب جاں بحق اور ضیا اللہ زخمی ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والے اہلکار کی میت آبائی علاقے ڈیرہ اسماعیل خان روانہ کردی گئی ۔ ایف سی اہل کاروں کی جوابی فائرنگ سے شدت پسند فرار ہوگئے ۔ زخمی اہلکار کو فوری طور پر اسپتال پہنچا دیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے ۔ 

پشاور: سرکاری جامعات میں تدریسی عمل 18 دن کے بعد شروع 

اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور کے مغوی وائس چانسلر پروفیسر اجمل خان کی عدم بازیابی پر خیبر پختونخوا کی سرکاری جامعات کے وائس چانسلروں اور اساتذہ نے ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔ گورنر سے مذاکرات کے بعد وائس چانسلروں نے26 نومبر سے یونیورسٹیاں کھولنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم تدریس کا عمل آج سے شروع ہوگیا ہے ۔ یونیورسٹی کھلنے کے باوجود طلبا و طالبات کی حاضری پہلے دن بہت کم رہی جس کی وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ طلبا پڑھائی شروع ہونے کے حوالے سے اب بھی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں ۔ 

کرم ایجنسی: جرگے کے دوران فائرنگ، تین زخمی دم توڑ گئے 

وسطی کرم کے علاقے ڈوگر میں گذشتہ شام جرگے کے دوران فائرنگ سے زخمی ہونے والے تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ذرائع کے مطابق کرم ایجنسی میں وسطی کرم کے علاقے ڈوگر میں گذشتہ شام گھر کی تعمیر کے تنازع پر جمال خان اور اکبر خان گروپوں کے مابین جرگے کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔ جس میں اکبر خان گروپ سے تعلق رکھنے والے چار افراد شدید زخمی ہوئے تھے جن میں تین افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔مزید ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ پولیٹیکل حکام نے مقدمہ درج کر کے واقع کی تحقیقات شروع کردی ہے۔