• صارفین کی تعداد :
  • 1175
  • 6/20/2010
  • تاريخ :

ہندوستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں ایک نوجوان کی ہلاکت کے بعد حالات کشیدہ

ہندوستان
ہندوستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر میں ایک نوجوان کے جنازے میں شامل لوگوں پر فائرنگ کے واقعہ میں ایک زخمی ر نوجوان کی ہلاکت کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے کشمیر ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر میں چند روز قبل پولیس کارروائی میں زخمی ہو کر ہسپتال میں دم توڑنے والے ایک نوجوان کے جنازے میں شامل لوگوں پر فائرنگ کے واقعہ میں ایک اور نوجوان کی ہلاکت کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے ہیں۔

انتظامیہ نے پورے شہر میں سکیورٹی پابندیاں عائد کی ہیں اور بیشتر علاقوں خاص طور پر پرانے سرینگر کی تمام بستیوں میں آمد و رفت پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پچھلے ہفتے پولیس کاروائی میں سترہ سالہ طفیل متو کی ہلاکت کے بعد چار روز تک سرینگر میں کرفیو نافذ رہا اور ایک دن کے لیے پورے کشمیر میں ہڑتال کی گئی تھی۔

اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والا نوجوان جاوید احمد ملہ صفا کدل کے علاقے میں گزشتہ ہفتے احتجاج کے دوران زخمی اور بعد ازاں ہسپتال میں دم توڑ دینے والے چوبیس سالہ رفیق بنگرو کے جنازے میں شریک تھا۔ کشمیر میں جنوری سے اب تک ایسے واقعات میں چھ نوجوان ہلاک ہو چکے ہیں۔