• صارفین کی تعداد :
  • 1041
  • 4/13/2010
  • تاريخ :

آیت اللہ العظمی علوی گرگانی: شیعیان پاکستان کو میرا سلام پہنچانا

آیت اللہ العظمی علوی گرگانی
آیت اللہ العظمی علوی گرگانی نے اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی کی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے شہدائے پاراچنار کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا: پاکستان کے شیعیان اہل بیت (ع) کو میرا سلام پہنچائیں۔

اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حضرت آیت‏اللہ العظمی علوی گرگانی نے اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کے لئے آنے والے شیعہ خبر ایجنسی (ابنا) کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی کی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی سرگرمیاں امور اہل بیت (ع) کے احیاء کا اعلٰی نمونہ ہے اور میں اپنی طرف سے اس اہم اور قابل قدر کام میں سرگرم افراد کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

حضرت آیت‏اللہ العظمی علوی گرگانی نے پیر 12 اپریل 2010 کو صبح کے وقت ہونے والی اس ملاقات میں خبرنگاری کو بہت حساس اور خطروں سے بھرپور پیشہ قراردیا اور فرمایا: جو خبرنگار ایک خبر دنیا والوں کے سامنے پیش کرتا اور مخاطبین کے سامنے رکھتا ہے اس کی ذمہ داری بہت بھاری ہوتی ہے اور اس کو مؤمن، مخلص اور امانتدار ہونا چاہئے۔

آپ نے دنیا میں شیعیان اہل بیت (ع) کی خبروں کی بروقت اشاعت کی اہمیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: اگر پیروان اہل بیت (ع) کی خبریں بروقت اور جلد از جلد شائع ہوجائیں تو اہل تشیع کی مظلومیت دنیا کے گوشے گوشے میں رائے عامہ کو متأثر کرسکے گی اور عالمی رائے عامہ بھی رد عمل ظاہر کرے گی۔

حضرت آیت‏اللہ العظمی علوی گرگانی نے امام رضا علیہ السلام کی ایک حدیث کا حوالہ دیا ـ جس میں امام رضا علیہ السلام نے فرمایا ہے: "رحم اللہ من أحیا أمرنا ـ خداوند متعال رحم کرے اس شخص پر جو ہمارے امر کا احیاء کرے" ـ اور فرمایا: دنیا والوں کو خالص شیعہ معارف و تعلیمات اور مذہب اہل بیت (ع) کے پیروکاروں کی خبروں کے ابلاغ کے سلسلے میں آپ کی خبر ایجنسی کی کوششیں اہل بیت (ع) کے امور کے احیاء کا مصداق ہیں اور میں اپنی طرف سے اس اہم اور قابل قدر کام  میں سرگرم افراد کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

آپ نے فرمایا:

آج کی دنیا میں شیعیان اہل بیت (ع) کی خبروں کے ابلاغ کے لئے جدید وسائل سے استفادہ کرنا ضروری ہے اور اور یہ کام بہت حساس اور خطروں سے بھرا ہوا اور ظریف و لطیف کام ہے اور اس سلسلے میں ہر وقت احتیاط اور ہوشیاری سے کام لینا چاہئے تا کہ جب دشمن آپ کے راستے میں رکاوٹیں ڈالنا چاہے تو آپ کامیابی سے اپنی ذمہ داری سے عہدہ برآ ہوسکیں۔

حضرت آیت‏اللہ علوی گرگانی نے عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی اور اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی (ابنا) کی پیہم کوششوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مختلف زبانوں میں خبررسانی کو نہایت پسندیدہ، ضروری اور مؤثر قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ اس خبررساں ادارے دیگر زبانوں کے اضافے کی صورت میں دنیا کے زیادہ سے زیادہ لوگ اہل بیت علیہم السلام کے معارف و تعلیمات سے روشناس ہوسکیں۔

آپ نے دنیا کی مختلف علاقوں میں شیعیان اہل بیت (ع) کی قتل عام کے حوالے سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاراچنار کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور ابنا کے کارکنوں سے مخاطب ہوکر فرمایا: پاکستان کے اہل تشیع اور شہدائے پاراچنار کے پسماندگان اور خاندانوں کو میرا سلام پہنچائیں۔

قابل ذکر ہے کہ اس ملاقات کی آغاز پر عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی کی انفارمیشن سیکشن کے ڈائریکٹر اور ابنا کے چیف ایڈیٹر «حجت‏الاسلام حسینی عارف» نے عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی کی کارکردگی کی مختصر رپورٹ پیش کی اور کہا کہ اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی تأسیس کا مقصد اہل تشیع کو پریس اور میڈیا کے حوالے سے شیعیان اہل بیت (ع) کی مظلومیت اور میڈیا بائیکاٹ سے خارج کرنا ہے۔

تقریب کے اختتام پر آیت اللہ العظمی علوی گرگانی نے اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی کی خدمات کے سلسلے میں چیف ایڈیٹر کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔