• صارفین کی تعداد :
  • 924
  • 4/11/2010
  • تاريخ :

حکومت کی تشکیل کے لئے عراق کے اہل تشیع اور کردوں کی مفاہمت

عراق
عراقی رکن پارلیمان "حسین علی" نے ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ عراق کے اہل تشیع اور کردوں نے حکومت کی تشکیل کے لئے پارلیمانی اتحاد تشکیل دیا ہے۔

اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراقی رکن پارلیمان نے تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا: عمارالحکیم کے عوامی اتحاد، کردستان کے "کرد اتحاد" اور نوری المالکی کے "حکومتِ قانون اتحاد" تمام شعبوں میں ابتدائی طور پر مفاہمت تک پہنچ گئے ہیں۔

گذشتہ روز بھی سید عمار حکیم نے سابق وزیر اعظم اور قومی اصلاح پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر ابراہیم جعفری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ قومی اتحاد میں شامل جماعتوں کے ساتھ صلاح مشورے آراء و افکار میں یگانگت پیدا کرنے کے لئے ضروری ہے۔

انھوں نے کہا کہ آئندہ حکومت کی تشکیل کے لئے کرد اتحاد کے ساتھ مثبت بات چیت ہوئی ہے اور ہم نے بہت سے نکات پر کرد اتحاد کے ساتھ بھی اور حکومت قانون کے ساتھ بھی اتفاق کر لیا ہے اور العراقیہ اتحاد میں شامل بعض جماعتوں کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے اور ہمیں امید ہے کہ بات چیت کا یہ سلسلہ ایک مضبوط  اور مستحکم پارلیمانی پارٹی کی تشکیل کے لئے مفید واقع ہو۔

سلیمانیہ شہر میں کرد ذرائع نے بھی کہا ہے کہ عراقی شیعہ اور کردوں کے درمیان جلال طالبانی کو دوبارہ صدر بنائے جانے کے سلسلے میں اتفاق رائے ہو گیا ہے۔