• صارفین کی تعداد :
  • 2124
  • 9/6/2009
  • تاريخ :

یوم دفاع پاکستان پر ملک بھر میں تقریبات

کراچی

کراچی …آج یوم دفاع پاکستان قومی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے۔ دن کے آغاز پرملکی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اس موقع پرمزار قائد اعظم اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی سمیت چھ ستمبرکے ہیروز کو انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ یوم دفاع پاکستان کا آغاز تمام مساجد، آرمی یونٹس، نیوی کے دفاتر اور ایئر فورس کے بیسز پر ملک کی ترقی و استحکام کی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔ اس موقع پر ملک و قوم کے لیے اپنی جانوں کانذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، قوم مسلح افواج کے ہمراہ یوم دفاع اس عزم کے ساتھ منا رہی ہے کہ مادر وطن کے وقار، قومی سلامتی اور سرحدوں کی حفاظت کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔ کراچی میں یوم دفاع کے موقع پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی۔مزار قائد پر پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے سلامی پیش کی اور قومی پرچم لہرایا۔ لاہور میں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔ مزار اقبال پرگیریژن کمانڈر میجر جنرل شفقات احمد نے پھولوں کی چادر چڑھائی۔ راولپنڈی کے نواحی علاقے کہوٹہ روڈ پر محفوظ آباد میں واقع لانس نائیک محمد محفوظ کی قبر پر بریگیڈئر امتیاز حیدر نے پھول چڑھائے اور فاتحہ پڑھی۔صوابی میں کیپٹن کرنل شیر شہید(نشان حیدر)کے مزار پر بریگیڈیئر سید حسین شاہ عباس نے پھول چڑھائے اور پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔بورے والا میں بریگیڈ یئر منظور احمد اسٹیشن کمانڈر اوکاڑہ چھاؤنی نے میجر طفیل محمد شہید نشان حیدر کے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

https://www.jang.net