5 رمضان کے اہم واقعات
5 رمضان المبارک سنہ 646 ہجری قمری کومشہور فلسفی افضل الدین ابوعبداللہ طبیب خونجی کا انتقال ہوا ۔ وہ سنہ 590 ہجری قمری میں ایران کے شمال مغربی شہر خلخال میں پیدا ہوئے ۔طبیب خونجی صاحب منطق وحکمت تھے ۔وہ طب اور اسلامی علوم خصوصا" فقہ اور حدیث کے بہترین استاد تھے ۔انہوں نے بہت سی کتابیں تحریر کیں جن میں کشف الاسرار عن غَوامض الافکار فی المنطق خاص طور سے قابل ذکر ہے ۔
5 رمضان سنہ 1236 ہجری قمری کوایران کے ممتاز عالم دین الحاج ملّا علی علیاری تبریزی ایران کے شمال مغربی تبریز میں پیدا ہوئے ۔ان کو فقہ ، حدیث اورشعر و ادب میں بہت مہارت حاصل تھی اور فلسفے ،حکمت ، ریاضی اور علم نجوم کے ماہر استاد مانے جاتے تھے انہوں نے عراق کے شہر نجف میں واقع اعلیٰ دینی درسگاہ میں داخلہ لیا ۔شیخ مرتضیٰ انصاری اور میرزائے شیرازی جیسے فاضل اساتذہ سے انہوں نے کسب فیض کیا اور فقہ اور اصول فقہ میں کمال حاصل کیا ۔علیاری نے ایران واپس آنے کے بعد ذہین شاگردوں کی تعلیم و تربیت کی ۔ وہ دینی تعلیم کے علاوہ ریاضیات اور نجوم کی تعلیم بھی دیتے تھے ۔اسی دوران انہوں نے فقہ اوراسلامی مسائل کے مختلف موضوعات پر بہت سی کتابیں لکھیں ۔ان کی کتابوں میں " دَلَائلُ الاَحکام فی شَرح شَرایعُ الاسلام " خاص طور سے قابل ذکر ہے ۔