• صارفین کی تعداد :
  • 3797
  • 1/1/2008
  • تاريخ :

حلم و عفو

طبیعت

فرزند! حلم اور عفو سے کام لو کہ اہل حلم و عفو جنت میں بلا حساب داخل ہوں گے۔ ان صفات کی سب سے بڑی فضیلت یہ ہے کہ پروردگار نے انہیں اپنے اوصاف میں شمار کیا ہے۔ حلم کے بارے میں انبیاء و اولیاء کے واقعات بکثرت پائے جاتے ہیں اور بعض روایات میں یہ ہے کہ انسان جب تک حلیم نہ ہو عبادت گذار نہیں ہو سکتا۔اللہ بندۂ بردبار کو دوست رکھتا ہے۔حلم صفات مومنین میں سے ہے۔

جو شخص اقدام کی طاقت رکھتا ہو اور حلم سے کام لے پروردگار روز قیامت اس کے دل کو رضا و امن و ایمان سے بھر دے گا اور قیامت کے بھرے مجمع میں اسے اختیار دے گا کہ جس حور العین کا چاہے انتخاب کر لے اور اسے اجر شہید عطا فرمائے گا۔

نگاہِ پروردگار میں بندۂ مومن کا کوئی گھونٹ اس گھونٹ سے زیادہ عزیز نہیں ہے جو غصہ کو پی جانے میں استعمال ہوتا ہے چاہے صبر کے ذریعہ ہو یا حلم کے ذریعہ۔ انسان جس قدر بھی غصہ کو ضبط کرتا ہے پروردگار اسی مقدار میں دنیا و آخرت میں عزت عطا کرتا ہے اور قیامت کے دن جب اولین و آخرین ایک زمین پر جمع ہوں گے تو ایک منادی آواز دےگا ’’صاحبانِ فضیلت کہاں ہیں؟‘‘

اس وقت ایک جماعت برآمد ہوگی اور ملائکہ سوال کریں گے ’’تمہاری فضیلت کیا ہے؟‘‘ وہ جواب دیں گے کہ ہم قطع تعلقات کرنے والوں سے صلۂ رحم کرتے تھے۔ محروم کرنے والوں کو عطا کرتے تھے، ظلم کرنے والوں کو معاف کر دیتے تھے۔ آواز آئے گی ’’سچ کہا تم نے، جاؤ جنت میں بلا حساب داخل ہو جاؤ۔‘‘

٭ معافی کامیابی کی زکوٰۃ ہے۔

٭ سب سے زیادہ معاف کرنے کا حقدار وہی ہے جو سزا دینے پر سب سے زیادہ قدرت رکھتا ہے۔

فرزند! جو تم پر ظلم کرے اسے معاف کرو تاکہ جس پروردگار کی نافرمانی کر کے تم نے ظلم کیا ہے وہ تمہیں معاف کر دے اور تمہیں بلند ترین درجات حاصل ہوں۔ خبردار غیظ و غضب سے کام نہ لینا کہ یہ غیظ و غضب سے کام نہ لینا کہ یہ ضعف عقیدہ کی علامت ہے۔ روایات میں ہے کہ غضب سے ایمان یوں ہی برباد ہو جاتا ہے جیسے سرکہ سے شہد۔

٭     کفر کے چار ارکان ہیں رغبت، خوف، غصہ اور غضب۔ اور غضب ہر برائی کی کنجی ہے۔

٭     غضب سے صاحبان حکمت کا دل بھی تباہ ہو جاتاہے۔

٭     جو اپنے غضب پر قابو نہ رکھ سکے وہ اپنی عقل پر بھی قابو نہ رکھے گا۔

٭     ابلیس کا قول ہے کہ غضب میرا جال اور میرا پھندا ہے۔ میں اس کے ذریعہ بہترین افراد کو جنت کی راہ سے شکار کرتا ہوں۔

علماء نے غضب پر قابو پانے کے لئے چند نسخے تجویز کئے ہیں۔

۱.    اَعُوذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیطَانِ الرَّجِیمِ کہنا۔

۲.    خدا کو یاد کرنا کہ توریت میں ارشادِ احدیت ہے، ’’فرزند آدم جب تجھے غصّہ آئے تو مجھے یاد کرنا تاکہ میں اپنے غضب میں تجھے یاد رکھوں اور تجھے تباہ نہ کر دوں اور جب تجھ پر کوئی زیادتی ہو تو میرے انتقام کا انتظار کرنا کہ میرا انتقام تیرے انتقام سے بہر حال بہتر ہے

۔۳.    اگر کھڑا ہے تو بیٹھ جائے اور بیٹھا ہو تو لیٹ جائے اور لیٹا ہو تو کھڑا ہو جائے۔

۴.    جگہ بدل دے کہ شیطان نے جناب موسیٰ علیہ السلام سے گفتگو کرتے ہوئے یہ نصیحت کی کہ جب تمہیں غصہ آئے تو اپنی جگہ بدل دینا ورنہ میں مصیبت میں مبتلا کردوں گا۔

۵.    وضو کرلے اور ٹھنڈے پانی سے ہاتھ منہ دھو ڈالے

۔۶.    اگر قرابتدار پر غصّہ ہے تو اس کے جسم سے اپنے جسم کو مس کر دے کہ اس طرح غصّہ فرو ہو جاتا ہے۔

(اصول کافی۲، ص ۳۰۲)

۷.    پانی پی لے۔ (محاسن برقی، ص۵۷۲)

۸.    کشمِش کھالے کہ اس سے غصّہ دب جاتا ہے۔

(مستدرک ۳، ص ۱۱۵)

۹.    یہ دعا پڑھ لے:

اَللّٰہُمَّ اَذْھِبْ عَنِّىْ غَيْظَ قَلْبِىْ وَ اَجِرْنِىْ مِنْ مُضِلاَّتِ الْفِتَنِ اَسْئَلُكَ جَنَّتَكَ وَ اَعَوْذُ بِكَ مِنَ الشِّرْكِ اَللّٰہُمَّ ثَبِّتْنِىْ عَلَى الْہُدٰى وَ الصَّوَابِ وَاجْعَلْنِىْ رَاضِيًا مَرْضِيًّا غَيْرَ ضَآلٍّ وَ لاَ مُضِلٍّ.

روایات میں وارد ہوا ہے کہ جو شخص اپنے غصّہ کو روک لے گا، پروردگار روز قیامت اسے معاف کرے گا اور اس کے گناہوں کی پردہ پوشی کرے گا اور اسے جنت عطا فرمائے گا۔