• صارفین کی تعداد :
  • 4688
  • 1/11/2009
  • تاريخ :

مریخ گاڑیاں کے حیرت انگیز پانچ سال مکمل

مریخ گاڑی

امریکی خلائی ادارے ناسا کی سیارے مریخ پر تحقیق کے لیے تیار کی گئی خصوصی گاڑیوں نے حیرت انگیز طور پر مریخ پر پانچ سال مکمل کر لیے ہیں۔ پہلی مریخ گاڑی ’سپرٹ‘ تین جنوری سن دو ہزار چار کو سیارے پر اتری تھی جبکہ دوسری گاڑی ’اوپورچیونٹی‘ اس کے اکیس دن بعد ۔ ابتداء میں توقع تھی کہ یہ گاڑیاں تین ماہ تک کام کر سکیں گی لیکن مریخ کے یخ بستہ ماحول میں ان کا اتنی دیر تک کام کرنا سب کے لیے حیران کن ہے۔

ان مریخ گاڑیوں نے سیارے کے خطِ استوا پر اربوں سال قبل پانی کی موجودگی کی تاریخ کے بارے میں بہت معلومات فراہم کیں۔

 

’سپرٹ‘ ایک سو پچاس کلومیٹر وسیع پیالہ نما علاقے میں معلومات اکٹھی کر رہی ہے۔ اس نے بڑی مقدار میں مٹی اور ایسی چٹانوں کا پتہ چلایا ہے جن پر ماضی میں پانی کی موجودگی کے آثار ملتے ہیں۔

اوپورچیونٹی سیارے کے دوسری جانب ایک ہموار علاقے میں کام کر رہی ہے۔ اس گاڑی سے حاصل ہونے والی معلومات نے ثابت کر دیا ہے کہ مریخ کی سطح پر پانی مائع حالت میں موجود تھا۔ اس گاڑی نے جن چٹانوں کا مطالعہ کیا وہ ہلکی رفتار سے بہتے ہوئے پانی کے نیچے تھیں۔

پانچ سال بعد اب ان مریخ گاڑیوں میں ٹوٹ پھوٹ کے آثار نظر آ رہے ہیں۔ سپرٹ کو ایک پہیے کے جام ہونے کی وجہ سے ہر بار پیچھے کی طرف جانا پڑتا ہے اور اوپورچینٹی کے ایک مشینی بازو میں نقص پیدا ہو گیا ہے۔ کئی بار ان گاڑیوں کو شمسی توانائی کے حصول کے لیےلگائے گئے پینلوں پر گرد جمع ہونے کی وجہ سے توانائی کی کمی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

 

امریکی خلائی تحقیق کے ادارے ناسا کو ان دونوں مریخ گاڑیوں کے غیر موثر ہونے کے بعد نئے مشن کے لیے انتظار کرنا پڑے گا۔ اسے اس برس سن دو ہزار گیارہ کے لیے مشن کو تکنیکی اور بجٹ کے مسائل کی وجہ سے موخر کرنا پڑا تھا۔ اسی طرح یورپ کو بھی اپنا ایک مشن التوا میں ڈالنا پڑا اور اس کی وجہ بھی مالی تنگی بتائی گئی تھی۔

                             بی بی سی اردو ڈاٹ کام


متعلقہ تحریریں:

 نہ نظر آنے والے لباس کی ’تیاری‘

مختصر ترین سانپ کی دریافت