• صارفین کی تعداد :
  • 2799
  • 9/20/2008
  • تاريخ :

20 رمضان  کے اہم واقعات

 

کعبہ

20 رمضان سنہ 8 ھ ق کو رسول اکرم (ص) کی کمان میں لشکر اسلام نے مکّہ شہر کو فتح کیا ۔رسول اکرم (ص) کا یہ اقدام کفار کی طرف سے صلح حدیبیہ کی خلاف ورزی کئے جانے کے بعد عمل میں آیا تھا ۔ سنہ 6 ھ ق میں رسول اکرم (ص) اور قبیلۂ قریش کے درمیان صلح حدیبیہ سمجھوتے پر دستخط ہوئے تھے ۔آپ نے فتح مکہ کے بعد اس شہر کے لوگوں کو پناہ دی جبکہ ان لوگوں نے دین اسلام کے فروغ کو روکنے کی کوشش کی تھی ، اور رسول اکرم (ص) سمیت مسلمانوں کو ایذائيں اور تکالیف پہنچائی تھیں ۔ آپ (ص) کے اس محبت آمیز رویّے سے متاثر ہوکر قبیلۂ قریش نے اسلام قبول کرلیا ۔بہرحال مکہ بغیر کسی خونریزی کے فتح ہوگیا ۔اس کے بعد رسول اکرم (ص) نے کچھ افراد کو مکے کے اطراف میں بت خانے توڑنے کے لئے بھیجا اور خود حضرت علی (ع) کے ساتھ خانۂ کعبہ کے بتوں کو توڑنے میں مشغول ہوگئے ۔ اس کامیابی پر خداوند عالم نے آنحضرت (ص) پر سورۂ نصر نازل فرمایا ۔

 

20 رمضان سنہ 542 ہجری کو مسلمان شاعر ، ادیب اور علم نحو کے ماہر " ابن شجری " کا انتقال ہوا ۔ان کا نسب نواسۂ رسول (ص) حضرت امام حسن مجتبی (ع) سے ملتا ہے ۔اسی لئے انہیں علوی حسنی کا نام دیا گيا ہے ۔ابن شجری نے 70 سال تک نحو کی تعلیم دی ۔ان کے بہت سے تحریری آثار بھی یادگار کے طور پر موجود ہیں جن میں الامالی ۔ الحماسہ ۔اور منظومۂ ابن الشجری خاص طور سے قابل ذکر ہیں ۔

 

20 رمضان سنہ 626 ہجری قمری کو ساتویں صدی ہجری کے مشہور ادیب یاقوت حموی نے وفات پائی ۔وہ سنہ 539 ہجری میں بغداد میں پیدا ہوئے ۔نوجوانی میں قیدی بنالئے گئے لیکن کچھ عرصے کے بعد انہیں ایک تاجر نے بغداد میں خرید لیا اور پھر آزاد کردیا ۔یاقوت حموی نے آزاد ہونے کے بعد بہت سے سفر کئے اور دوران سفر مطالعہ بھی کرتے رہے ۔یہاں تک کہ حموی چنگیز خان کے ماورالنہر پر حملے کے دوران شام کے شہر حلب کی طرف چلے گئے اور وہیں ان کا انتقال ہوا ۔ان کے اہم تحریری آثار میں معجم البلدان اور معجم الادباء قابل ذکر ہیں ۔