• صارفین کی تعداد :
  • 4027
  • 8/19/2008
  • تاريخ :

ایشیا کی مساجد (6)

چین کی مساجد

نیوجی مسجد

 

                                                                               نیوجی مسجد

 

نیوجی مسجد چین کے دارالحکومت بیجنگ کی سب سے قدیم مسجد ہے جو 996ء میں تعمیر ہوئی۔یہ بیجنگ کے مسلم آبادی کے علاقے ژوان وو ضلع میں واقع ہے جہاں تقریباً دس ہزار مسلمان رہتے ہیں۔ یہ مسجد 6 ہزار مربع میٹرز پر پھیلی ہوئی ہے۔ مسجد میں اسلامی اور چینی ثقافتوں کا ملاپ نظر آتا ہے۔ باہر سے یہ روایتی چینی طرز تعمیر سے متاثر نظر آتی ہے اور اندر اسلامی انداز جھلکتا ہے۔

996ء میں تعمیر کے بعد 1442ء میں منگ خاندان کی حکومت کے دوران اس مسجد کو دوبارہ تعمیر کیا گیا اور چنگ خاندان کی حکومت میں 1696ء میں اس میں توسیع کی گئی۔

1949ء میں عوامی جمہوریۂ چین کے قیام کے بعد مسجد تین مرتبہ 1955ء، 1979ء اور 1999ء میں تزئین و آرائش کے مراحل سے گذری۔

بیجنگ کی بلدیاتی حکومت اس علاقے میں ایک رہائشی منصوبے کی تعمیر شروع کر چکی ہے۔ نیوجی کے گرد 35.9 ہیکٹر پر پھیلے اس علاقے میں 7 ہزار 500 خاندان منتقل ہوں گے جن میں سے 58 فیصد مسلمان ہوں گے۔ اس منصوبے کے نتیجے میں نیوجی کا علاقہ مسلم انداز کے تجارتی علاقے میں تبدیل ہو جائے گا جس کا مرکز یقینی طور پر نیوجی مسجد ہوگی۔

 

جامع مسجد ژیان

ژیان مسجد

جامع مسجد ژیان چین کے صوبہ شانژی کے شہر ژیان میں واقع ملک کی قدیم اور مشہور ترین مساجد میں سے ایک ہے۔

اسے پہلی بار تانگ خاندان کے ژوان زونگ (685ء تا 762ء) کے دور حکومت میں شاہراہ ریشم کے مشرقی کنارے پر قائم کیا گیا تھا۔ بعد ازاں یہ کئی مرتبہ (خصوصاً منگ خاندان کے شاہ ہونگ وو کے دور حکومت میں) تعمیر نو کے مراحل سے گذری. یہ مسجد ژیان کے مشہور ترین سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے اور آچ بھی چین کے مسلمان اسے عبادت گاہ کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ مسجد کے عام روایتی طرز تعمیر کے برعکس جامع مسجد ژیان مکمل طور پر چینی طرز تعمیر کا شاہکار ہے۔ تاہم اس میں قرآنی آیات کی خطاطی ضرور کی گئی ہے۔ جامع مسجد ژیان کا کوئی گنبد یا مینار نہیں۔

عید گاہ مسجد

 

عیدگاه مسجد

عید گاہ مسجد چین کے مسلم اکثریتی صوبہ سنکیانگ کے شہر کاشغر میں واقع ایک مسجد ہے۔ یہ چین کی سب سے بڑی مسجد ہے جہاں ہر جمعہ کو 10 ہزار افراد جمع ہوتے ہیں جبکہ اس میں 20 ہزار نمازیوں کی گنجائش ہے۔

موجودہ مسجد 1442ء میں تعمیر ہوئی تاہم اس مسجد کی قدیم تعمیرات 8 ویں صدی سے تعلق رکھتی ہیں۔ مسجد 16 ہزار 800 مربع میٹر پر محیط ہے۔