بچے کی دعا
اٹھاتا ہوں پھر ہاتھ لب پہ دعا ہے |
مرے ننھے منے سے دل کی صدا ہے |
مجھے ایک شمع ہدایت بنا دے |
زمانے پہ اپنی عنایت بنا دے |
مجھے امی ابا کی راحت بنا دے |
مرے بھائی بہنوں کی چاہت بنا دے |
بڑا ہوں تو ان سب کی خدمت کروں میں |
تو مالک ہے، تیری عبادت کروں میں |
غریبوں کا ہمدرد بن کر رہوں میں |
ضعیفوں کو تکلیف ہو تو سہوں میں |
برائی سے بچتا رہوں زندگی بھر |
ترا نام جپتا رہوں زندگی بھر |
جہاں میں ترے گیت گاتا رہوں میں |
ترے دین کے کام آتا رہوں میں |
اندھیروں میں ہر سمت شمعیں جلاؤں |
میں لوگوں کو نیکی کا رستہ دکھاؤں |
مجھے رات دن شکر کرنا سکھا دے |
ہر اندوہ میں صبر کرنا سکھا دے |
بہار وطن ہو مری زندگانی |
رہوں اس میں جنت کی بن کر نشانی |
خدایا، میں خوابوں کو سچ کر دکھاؤں |
زمین پر نئی ایک دنیا بناؤں |
جاوید احمد غامدی
پیشکش : شعبہ تحریرو پیشکش تبیان
متعلقہ تحریریں:
بچوں کی دعا
بن بلائے مھمان