موسمی تغیر سورج سے جڑا نہیں
برطانوی سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ حالیہ موسمیاتی تبدیلیاں شمسی تغیرات کا نتیجہ نہیں ہے۔ سائنسدانوں نے اس نظریے کے ثبوت کے طور پر ٹھوس شواہد بھی پیش کیے ہیں۔
یہ تحقیق ماحول کے حوالے سے اُس نظریے کی نفی کرتی ہے جس کے مطابق زمین کی طرف آنے والی سماوی شعاعیں یہاں کے درجہ حرارت اور ابر آلودگی کا تعین کرتی ہیں۔ اس نظریے کے مطابق سورج کی سطح پر ہونے والے تغیرات سماوی شعاعوں کی شدت میں اضافہ کرتی ہیں۔
تاہم اب لنکاسٹر یونیورسٹی کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ تحقیق کے مطابق پچھلے بیس سال میں ان دونوں کے مابین کوئی خاص تعلق نہیں پایا گیا۔
انسٹیٹیوٹ آف فزیکل جرنل میں برطانوی ماہرین نے اپنی تحقیق کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آسمانی شعاعوں اور موسمیاتی تبدیلیوں کے باہمی تعلق کو معلوم کرنے کے لیے تین مختلف طریقے استعمال کیے تاہم انہیں قطعی طور پر کوئی تعلق نظر نہیں آیا۔
لنکاسٹر یونیورسٹی کے ٹیری سولان کا کہنا ہے کہ ’ ہم نے یہ کام سوینزمارک کے نظریے کی وجہ سے ہی شروع کیا تھا۔ اگر وہ صحیح ہیں تو ہم کاربن کے اخراج میں کمی کے لیے اپنائے جانے والےگراں اقدامات کے حوالے سے غلط راستے پر ہیں‘۔
برطانوی سائنسدانوں کی اس تحقیق کے بعد ڈنمارک کے سائنسدان ہینرک سونمارک کی ’ کاسمک رے تھیوری‘ پر کا فی دباؤ آگیا ہے۔ متنازعہ دستاویزی فلم ’دی گریٹ گلوبل وارمنگ سونڈل‘ کا محور بھی ڈاکٹر سوینزمارک کا نظریہ ہے۔
سماوی شعاؤں کا رخ زمین کے مقناطیسی میدان سے ٹکرا کر اور شمسی ہوا کے تحت بدل جاتا ہے اور سوینز مارک کے نظریے کے مطابق جب شمسی ہوائیں کمزور ہوتی ہیں تو زیادہ شماوی شعائیں زمین تک پہنچ جاتی ہیں۔
ڈاکٹر سوینز مارک کے مفروضے کو حالیہ مہینوں میں برطانیہ کی ردرفورڈ ایپلیٹون لیبارٹری کے مائیک لوکوڈ نے بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ گزشتہ بیس سالوں میں سورج پر دھماکوں میں اضافہ ہوا ہے، تو اگر یہ مفروضہ ٹھیک ہوتا تو اس حساب سے کرہ ارض پر درجہ حرارت کم ہو جانا چاہیے تھا۔
موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے کام کرنے والے ادارے ’انٹر گورنمنٹل پینل آن کلائمیٹ چینج‘ نے موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے گزشتہ سال اپنی جانچ میں یہ نتیجہ اخذ کیا تھا کہ انیس سو ستر کے بعد درجہ حرارت بہت تیزی سے بڑھنا شروع ہو گیا ہے اور اس کی بڑی وجہ کرہ ارض پر گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج ہے جو کہ سورج کے مقابلے میں تیرہ گنا زیادہ درجہ حرارت کو بڑھا رہی ہے۔