• صارفین کی تعداد :
  • 5425
  • 2/10/2008
  • تاريخ :

پاک دامني

پاک دامني

ايک مرتبہ دہلي ميں قحط پڑ ا۔ بارش ہونا بند ہو گئي۔ جس کي وجہ سے دريا ، نہريں اور تالاب خشک ہو گئے۔ پاني اور غلے کي قلت ہو گئي۔ ہر طرف گرمي کي وجہ سے لوگ بے تاب ہو گئے، جانور پريشان ہو گئے، چرند پرند نڈھال ہو گئے سب پريشان تھے کہ قحط سالي کيسے ختم ہو۔

علماء کرام نے فيصلہ کيا کہ سارے شہر والے مرد ،عورتيں، بچے ،بوڑھے خود بھي باہر نکليں اور اپنے جانوروں کو بھي باہر لائيں اور ايک بڑے ميدان ميں نماز استقاء ادا کريں اور اللہ تعالي سے دعا مانگيں تاکہ اللہ تعالي رحمت کي بارش برسا ديں۔

دہلي کا شہر اس وقت چھوٹاہوتا تھا ۔ چنانچہ سب لوگ باہر نکلے ، نماز استقاء ادا کي اور رو رو کر دعائيں مانگنے لگے کہ اے رب کريم اپني رحمت سے بارش نازل فرما اور ہميں اس مشکل سے نجات عطا فرما۔ مگر ظاہري طور پر کوئي اسباب نظر نہ آئے۔

اسي دوران ايک نوجوان اپني والدہ کے ہمراہ اونٹ پر سوار قريب سے گزرا۔ جب اس نے يہ منظر ديکھا تو رک گيا۔ اپنے اونٹ کو وہيں روک کر مجمع کےپاس آيا اور پوچھا کہ يہ لوگ کيوں جمع ہيں؟

لوگوں نے بتايا کہ قطح سالي سے تنگ آکر لوگ بارش کے لئے دعا مانگ رہے ہيں ليکن بارش کي کوئي شکل نظر نہيں آتي۔ اس نے کہا بہت اچھا۔ ميں آپ کے لئے بارش کي دعا مانگتا ہوں ۔ چنانچہ وہ اپني سواري کے پاس گيا ۔ اس نے اپني والدہ کي چادر کا کونہ پکڑ کر کچھ الفاظ کہے۔

اس نے الفاظ کہے ہي تھے  کہ اسي وقت آسمان  پر بادل نمودار ہوئے۔ مجمع وہي تھا۔ علماء مشائخ وہيں ، مرد عورتيں وہيں کھڑے تھے کہ اللہ تعالي نے رحمت کي بارش برسا دي۔ اتني بارش ہوئي کہ لوگ نہال ہو گئے۔ علماء کرام بڑے حيران ہوئے کہ کيا وجہ ہے کہ اتنے لوگون نے دعا مانگي مگر قبول نہ ہوئي اور اس نوجوان نے دعا مانگي اور قبول ہو گئي۔ چنانچہ اس نوجوان کے پاس جا کر پوچھا کہ آپ نے کونسي دعا مانگي؟

وہ کہنے لگا کوئي ايسي خاص دعا تو نہیں البتہ ميں ايک نيک ماں کا بيٹا ہوں ميري ماں بہت نيک ہے، کبھي جان بوجھ کر گناہ کا کوئي کام نہيں کيا۔ جب آپ نے کہا کہ ہم مشکل اور پريشاني میں گرفتار ہيں تو ميرے دل ميں خيال آيا کہ ميں ايک ايسي ماں کا بيٹا ہوں جس نے اپني پوري زندگي پاک دامني ميں گزاردي ہے چنانچہ ميں نے اپنے ماں کي چادر کا کونہ پکڑ کر دعا کی ۔اے اللہ تجھے اس پاک دامني کا واسطہ ديتا ہوں تو رحمت کي بارش نازل فرما۔ اللہ تعالي کو ميري ماں کي نيکي اتني پسند آئي کہ اس نے اس کے واسطے سے رحمت کي بارش برسا دي۔