• صارفین کی تعداد :
  • 3948
  • 1/26/2008
  • تاريخ :

یوم مبعث

یا رسول الله

27 رجب 13 سال قبل ہجرت رسول خدا حضرت محمّد مصطفیٰ (ص) خدا کی طرف سے مبعوث بہ رسالت ہوئے ۔ اس وقت آپ (ص) کی عمر مبارک چالیس سال تھی ۔آپ ایسے انسان کامل تھے کہ ہرلمحہ اللہ کی نشانیوں اور کا‏ئنات کے بارے میں گہرائی اور گیرائي کے ساتھ غور و فکر فرماتے تھے ۔ آپ کی صداقت، ایمانداری اور نیک کردار کا چرچہ عام تھا ۔ آپ کی انہی خوبیوں اور کمالات نے آپ کو لوگوں میں محترم و مکرم بنادیا تھا ۔ رسول اکرم (ص) اپنا بیشتر وقت مکّے کے شمال میں واقع غار حرا میں عبادت خدا میں گزارتے تھے ۔ ایک دن فرشتۂ وحی جبرئیل امین آپ پر نازل ہوئے اور یہ بشارت دی کہ خالق کائنات نے آپ کو رسالت پرمبعوث فرمایا ہے ۔ اس وقت سے آخری رسول کی حیثیت سے آپ کی بھاری ذمہ داری کا دور شروع ہوا تا کہ آپ دین اسلام کو آخری اور مکمل ترین آسمانی دین کی حیثیت سے دنیا والوں کے سامنے پیش کرسکیں ۔ بعثت کے بعد آپ نے جہالت، کفر اور ظلم و ستم کے خلاف جد و جہد کی اور مکّے میں دین اسلام کی 13 سال تبلیغ کرنے کے بعد مدینے ہجرت فرمائی ۔ مدینے میں بھی رسول اکرم (ص) نے تبلیغ دین کا اپنا فریضۂ الہی جاری رکھا اور اسلام کے درخشاں اصولوں پر حکومت قائم کی ۔ تھوڑے ہی عرصے میں یہ حکومت دنیا کے بڑے حصے تک پھیل گئی ۔