• صارفین کی تعداد :
  • 4234
  • 1/16/2008
  • تاريخ :

پندرہ محرّم الحرام

 

لاله زرد

15 محرّم الحرام 589 ہجری قمری کو مشہور عالم دین اور محدّث علی بن موسی بن جعفر المعروف سیّد ابن طاووس (رح) عراق کے شہر حلّہ میں پیدا ہوئے ۔حلّہ میں ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد سیّد ابن طاووس (رح) بغداد چلے گئے جہاں 15 برس تک زندگی بسر کی ۔آپ (رح) علم ودانش کے میدان میں یکّہ تاز ہونے کے ساتھ زہدوتقوی میں بھی یگانہ روزگارتھے ۔ سیّد ابن طاووس (رح)نے متعدد کتابیں لکھیں ،جن میں سب سے مشہور واقعۂ کربلا اور انقلاب حسینی پر لکھی جانے والی کتاب الّلہوف فی قتلی الطّفوف جو اس واقعے کی معتبرترین اور سب سے زیادہ مستند مآخذ میں شمار ہوتی ہے ۔یہ کتاب ایران ، لبنان اور نجف اشرف میں کئی بار زیور طبع سے آراستہ ہوئی ہے اور مختلف زبانوں میں اس کے ترجمے کئے گئے ہیں ۔سعدالسّعود اور الاقبال بصالح الاعمال سیّد ابن طاووس (رح) کی دو دیگر اہم کتابیں ہیں ۔ سیّد ابن طاووس (رح)سے اہم ادعیہ واوراد اور احادیث روایت کی گئی ہیں ۔آپ (رح)نے 75 برس کی عمر میں 664 ہجری قمری میں وفات پائی ۔

15 محرم 353 ھ۔ق کو مشہورومعروف محدّث اور دانشور ابن َسَکَن کا انتقال ہوا ۔مورخین نے ابن سکن کی کثرت کے ساتھ حدیث ،روایت کرنے کے سلسلے میں تعریف کی ہے اور ان کو وہ پہلا محدّث قرار دیا ہے ۔جنہوں نے صحیح بخاری کو مصر میں رواج دیا ۔اس مسلمان دانشور کی کتاب الحروف فی الصحابہ کافی مشہور ہے ۔اس کتاب میں صحابۂ کرام کے حالات زندگی بیان کئے گئے ہیں ۔

241 سال قبل 15 محرم الحرام 1185 ہجری قمری کو مشہور ایرانی خطّاط عبدالمجید طالقانی نے وفات پائی ۔انہوں نے فن خطاطی میں جدّتیں پیدا کیں ۔چنانچہ اکثر مورخّین نے ان کا ذکر ایک نامور اور صاحب طرز خوشنویس سے کیا ہے ۔طالقانی ابتدا میں خط نستعلیق میں لکھتے تھے اور بعد میں خط شکستہ کی طرف راغب ہوگئے ۔ان کے نمایاں فن پاروں میں کلیات سعدی کے ایک نسخے کے علاوہ صرف چند متفرّق تحریریں نظر آتی ہیں ۔عبدالمجید طالقانی ایک شیرین سخن شاعر بھی تھے ،چنانچہ انہوں نے خوبصورت ‏غزلیں لکھی ہیں ۔ان کا مجموعۂ کلام دیوان خوش کے نام سے معروف ہے ۔