• صارفین کی تعداد :
  • 4495
  • 5/24/2011
  • تاريخ :

ذیابیطس کے  خلاف لوگوں میں شعور اجاگر کرنا ہوگا

ذیابیطس

 طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ  ذیابطیس کو کنٹرول کرنے کے لیۓ ضروری  ہے کہ عام عوام میں اس بیماری کے متعلق شعور بیدار کیا جاۓ  اور خاص طور پر عوام میں  انسولین تھراپی جیسے  طریقہ علاج کے بارے میں شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

ماہرین نے ان خیالات کا اظہار نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ڈائی بیٹکس اینڈ اینڈو کرائنالوجی اوجھا کیمپس ڈاؤ یونیورسٹی میں ”انسولین تھراپی“ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

روزنامہ جنگ کی ایک رپورٹ کے مطابق پروفیسر مسعود حمید خان نے کہا کہ ذیابیطس پر قابو پا کر اس کی پیچیدگیوں سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذیابیطس کے ماہرین اس موذی بیماری کے خاتمے یا اس سے محفوظ رکھنے کے حوالے سے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مریضوں، کمیونٹی اور حکومتی سطح پر مل کر مشترکہ ٹھوس بنیادوں پر جد و جہد کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر زمان شیخ نے کہا کہ انسولین ایک ہارمون ہے جو جسم کو شوگر کے خطرات سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسولین نہ صرف ذیابیطس کے مریضوں کی صحت کے لئے نہایت ضروری ہے بلکہ یہ ذیابیطس ٹائپ ون میں مبتلا لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ رکھنے کا ایک ذریعہ بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ عام لوگوں میں انسولین کے استعمال اور فوائد کے بارے میں درست معلومات اور شعور پیدا کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ جلد ہی انسولین، ٹیبلٹ، کیپسول اسپرے اور ان ہیلر کی شکل میں مارکیٹ میں آنے والی ہے۔ ڈاکٹر زمان شیخ نے بتایا کہ اعداد و شمار کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں 285 ملین افراد ذیابیطس سے متاثر ہیں یہ تعداد 2030 میں بڑھ کر 438.4 ملین (یعنی 54 فیصد اضافہ) ہو جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ مشرق وسطیٰ جس میں پاکستان بھی شامل ہے یہاں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد 26.4 ملین کے قریب ہے جو 2030ء میں 51.7 ملین ہو جائے گی۔

 انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ذیابیطس کے حوالے سے صورتحال تشویشناک ہے جہاں 7.1 ملین افراد ذیابیطس سے متاثر ہیں۔ ذیابیطس کے حوالے سے پاکستان کا شمار ساتویں نمبر پر ہے اور اگر ہم نے ذیابیطس پر قابو نہیں پایا تو 2030 تک پاکستان ذیابیطس کے حوالے سے چوتھا بڑا ملک بن جائے گا۔ 

شعبۂ تحریر و پیشکش تبیان


متعلقہ تحریریں :

صحت مند زندگی گزارنے کے لیۓ چند مفید معلومات

مطالعہ کرنے اور گردن درد کا باہمی تعلق (دوسرا حصّہ)

مطالعہ کرنے اور گردن درد کا باہمی تعلق

صحت و تندرستی کا راز جسم کی مالش میں

کم عمر بچوں کو شہد نہ دیں، طبی ماہرین