• صارفین کی تعداد :
  • 1120
  • 5/14/2011
  • تاريخ :

گنڈاسا (حصّہ چهارم)

کتاب

مسافروں نے مولا کے ساتھ سارے ہجوم کے بدلے ہوۓ تیور دیکھے تو چپ چاپ کھسک گۓ۔ مولا سارے مال کو اپنے گھر لے آیا اور سحری کھاتے ہوۓ ماں سے کہا کہ ”یہ سب بے زبان ہمارے مہمان ہیں، ان کے مالک پرسوں تک آ نکلیں گے کہیں سے اور گاؤں کی عزت میری عزت ہے ماں۔“

مالک دوسرے ہی دن دوپہر کو پہنچ گۓ۔۔

یہ غریب کسان اور مزارعے کوسوں کی مسافتیں طے کر کے کھوجیوں کی ناز برداریاں کرتے  یہاں تک پہنچے تھے اور یہ سوچتے آ رہے تھے کہ اگر ان کا مال چوھدری کے حلقۂ اثر تک پہنچ گیا تو پھر کیا ہو گا اور جب مولا ان کا مال ان کے حوالے کر رہا تھا تو سارا گاؤں باہر گلی میں جمع ہو گیا تھا اور اس ہجوم میں راجو بھی تھی۔ اس نے اپنے سر پر اینڈوا جما کر مٹی کا ایک برتن رکھا ہوا تھا اور منتشر ہوتے ہوۓ ہجوم میں جب راجو مولا کے پاس سے گزری تو مولا نے کہا۔ ”آج بہت دنوں بعد گاؤں میں آئی ہو راجو۔“

”کیوں؟“ اس نے کچھ یوں کہا جیسے ”میں کسی سے ڈرتی تھوڑی ہوں“ کا تاثر پیدا کرنا چاہتی ہو۔ میں تو کل آئی تھی اور پرسوں اور ترسوں بھی۔ ترسوں تھوم پیاز خریدنے آئی۔ پرسوں بابا کو حکیم کے پاس لائی، کل ویسے ہی آ گئیں اور آج یہ گھی بیچنے آئی ہوں۔“

”کل ویسے ہی کیوں آ گئیں؟“ مولا نے بڑے اشتیاق سے پوچھا۔

”ویسے ہی بس جی چاہا آ گۓ، سہیلیوں سے ملے اور چلے گۓ، کیوں؟“

”ویسے ہی....“ مولا نے بجھ کر کہا، پھر ایک دم اسے ایک خیال آیا۔ ”یہ گھی بیچو گی؟“

”ہاں بیچنا تو ہے، پر تیرے ہاتھ نہیں بیچوں گی۔“

”کیوں؟“

”تیرے ہاتھوں میں میرے رشتہ داروں کا خون ہے۔“

مولا کو ایک دم خیال آیا کہ وہ اپنی لٹھ کو دالان میں اور گنڈاسے کو بستر تلے رکھ کر بھول آیا ہے۔ اس کے ہاتھوں میں چل سی ہونے لگی۔ اس نے گلی میں ایک کنکر اٹھایا اور اسے انگلیوں میں مسلنے لگا۔

راجو جانے کے لۓ مڑی تو مولا ایک دم بولا۔ ”دیکھو راجو میرے ہاتھوں پر خون ہے ہی اور ان پر ابھی جانے کتنا اور خون چڑھے گا، پر تمہیں گھی بیچنا ہے اور مجھے خریدنا ہے، میرے ہاتھ نہ بیچو، میری ماں کے ہاتھ بیچ دو۔“

راجو کچھ سوچ کر بولی....”چلو.... آؤ....“

مولا آگے آگے چلنے لگا۔ جاتے جاتے جانے اسے وہم سا گزرا کہ راجو اس کی پیٹھ اور پٹوں کو گھورے جا رہی ہے۔ ایک دم اس نے مڑ کر دیکھا راجو گلی میں چگتے ہوۓ مرغی کے چوزوں کو بڑے غور سے دیکھتی ہوئی آ رہی تھی۔ وہ فوراً بولا”یہ چوزے میرے ہیں۔“

”ہوں گے۔“ راجو بولی۔

مولا اب آنگن میں داخل ہو چکا تھا، بولا ”ماں یہ سب گھی خرید لو، میرے مہمان آنے والے ہیں تھوڑے دنوں میں۔“

راجو نے برتن اتار کر اس کے دہانے پر سے کپڑا کھولا تاکہ بڑھیا گھی سونگھ لے، مگر وہ اندر چلی گئی تھی ترازو لینے اور مولا نے دیکھا کہ راجو کی کنپٹیوں پر سنہرے روئیں ہیں اور اس کی پلکیں یوں کمانوں کی طرح مڑی ہوئی ہیں جیسے اٹھیں گی تو اس کی بھنوؤں کو مس کر لیں گی اور ان پلکوں پر گرد کے ذرے ہیں اور اس کے ناک پر پسینے کے ننھے ننھے سوئی کے ناکے سے قطرے چمک رہے ہیں اور نتھنوں میں کچھ ایسی کیفیت ہے جیسے گھی کے بجاۓ گلاب کے پھول سونگھ رہی ہو۔ اس کے اوپر ہونٹ کی نازک محراب پر بھی پسینہ ہے اور ٹھوڑی اور نچلے ہونٹ کے درمیان ایک تل ہے جو کچھ یوں اچٹا ہوا لگ رہا ہے جیسے پھونک مارنے سے اڑ جاۓ گا۔ کانوں میں چاندی کے بندے انگور کے خوشوں کی طرح لس لس کرتے ہوۓ لرز رہے ہیں اور ان بندوں میں اس کے بالوں کی ایک لٹ بے طرح الجھی ہوئی ہے۔ مولے گنڈاسے والے کا جی چاہا کہ وہ بڑی نرمی سے اس لٹ کو چھڑا کر راجو کے کانوں کے پیچھے جما دے یا چھڑا کر یونہی چھوڑ دے یا اسے اپنی ہتھیلی پر پھیلا کر ایک ایک بال کو گننے لگے یا....

ماں ترازو لے کر آئی تو راجو بولی۔ ”پہلے دیکھ لے ماسی، رگڑ کے سونگھ لے۔ آج صبح ہی کو تازہ تازہ مکھن گرم کیا تھا۔ پر سونگھ لے پہلے!“

”نہ بیٹی میں تو نہ سونگھوں گی“۔ ماں نے کہا ”میرا تو روزہ مکروہ ہوتا ہے!“۔

”لو“ مولا نے لٹھ کی ایک طرف گرا دیا۔ پانچوں آہستہ آہستہ ا س کی طرف بڑھنے لگے۔ ہجوم جیسے دیوار سے چمٹ رہ گیا۔ بچے بہت پیچھے ہٹ کر کمہاروں کے آوے پر چڑھ گۓ تھے۔

”کیا بات ہے؟“ مولا نے گلے سے پوچھا۔

گلا جواب اس کے  پاس پہنچ گیا تھا بولا۔

”تم نے چوھدری مظفر کا مال روکا تھا!“

”ہاں“ مولا نے بڑے اطمینان سے کہا۔”پھر؟“

گلے نے کنکھیوں سے اپنے ساتھیوں کو دیکھا اور گلا صاف کرتے ہوۓ بولا۔ چوھدری نے تمہیں اس کا انعام بھیجا ہے اور کہا ہے کہ ہم یہ انعام ان سارے گاؤں والوں کے سامنے تمہارے حوالے کر دیں۔“

”انعام!“ مولا چونکا۔ ”آخر بات کیا ہے؟“

گلے نے تڑاخ سے ایک چانٹا مولا کے منہ پر مارا اور پھر بجلی کی سی تیزی سے پیچھے ہٹتے ہوۓ بولا۔ ”یہ بات ہے۔“

تڑپ کر مولا نے لٹھ اٹھائی، ڈوبتے ہوۓ سورج کی روشنی میں گنڈاسا شعلے کی طرح چمکا، پانچوں نووارد غیر انسانی تیزی سے واپس بھاگے، مگر گلا لاری کے پرلی طرف کنکروں پر پھسل کر گر گیا۔ لپکتا ہوا مولا رک گیا، اٹھا ہوا گنڈاسا جھکا اور جس زاویے پر جھکا تھا وہیں جھکا رہ گیا.... دم بخود ہجوم دیوار سے اچٹ اچٹ کر آگے آ رہا تھا۔ بچے آوے کی راکھ اڑاتے ہوۓ اتر آۓ، نورا دکان میں سے باہر آگیا۔

گلے نے اپنی انگلیوں اور پنجوں کو زمین میں یوں گاڑ رکھا تھا۔ جیسے دھرتی کے سینہ میں اتر جانا چاہتا ہے .... اور پھر مولا، جو معلوم ہوتا تھا کچھ دیر کے لۓ سکتے میں آگیا ہے، ایک قدم آگے بڑھا، لٹھ کو دور دکان کے سامنے اپنے کھٹولے کی طرف پھینک دیا اور گلے کو بازو سے پکڑ کر بڑی نرمی سے اٹھاتے ہوۓ بولا.... چوھدری کو میرا سلام دینا اور کہنا کہ انعام مل گیا ہے، رسید میں خود پہنچانے آؤ ں گا۔“

اس نے ہولے ہولے گلے کے کپڑے جھاڑے، اس کے ٹوٹے ہوۓ طرے کو سیدھا کیا اور بولا۔ ”رسید تم ہی کو دے دیتا پر تمہیں تو دولہا بننا ہے ابھی.... اس لۓ جاؤ، اپنا کام کرو....“

گلا سر جھکاۓ ہولے ہولے چلتا گلی میں مڑ گیا.... مولا آہستہ آہستہ کھاٹ کی طرف بڑھا، جیسے جیسے وہ آگے بڑھ رہا تھا ویسے ویسے لوگوں کے قدم پیچھے ہٹ رہے تھے اور جب اس نے کھاٹ پر بیٹھنا چاہا تو کمہاروں کے آوے کی طرف سے اس کی ماں چیختی چلاتی بھاگتی ہوئی آئی اور مولا کے پاس آ کر نہایت وحشت سے بولنے لگی۔” تجھے گلے نے تھپڑ مارا اور تو پی گیا چپکے سے! ارے تو تو میرا حلالی بیٹا تھا۔ تیرا گنڈاسا کیوں نہ اٹھا؟ تو نے....“ وہ اپنا سر پیٹتے ہوۓ اچانک رک گئی اور بہت نرم آواز میں جیسے بہت دور سے بولی۔ ”تو تو رو رہا ہے مولے؟“

مولے گنڈا سے والے نے چارپائی پر بیٹھتے ہوۓ اپنا ایک بازو آنکھوں پر رگڑا اور لرزتے ہوۓ ہونٹوں سے بالکل معصوم بچوں کی طرح ہولے بولا ”تو  کیا اب روؤں بھی نہیں!“۔


متعلقہ تحریریں :

گنڈاسا (حصّہ سوّم)

صوبہ سرحد میں بچوں کا ادب (تیسرا حصّہ)

صوبہ سرحد میں بچوں کا ادب (دوسرا حصّہ)

صوبہ سرحد میں بچوں کا ادب

بلاد اسلامیہ