• صارفین کی تعداد :
  • 922
  • 3/3/2011
  • تاريخ :

خلیج فارس کے جنوبی ساحلی ممالک میں عوامی تحریکیں

خلیج فارس کے جنوبی ساحلی ممالک
خلیج فارس کے جنوبی ساحلی ممالک میں جاری عوامی تحریکوں کا دائرہ ہر روز وسیع تر ہوتا جارہا ہے ۔

 بحرین ، کویت قطر ، عمان اور کہیں کہیں سعودی عرب میں بھی آزادی ، عدل و انصاف اور بادشاہی کے نظام سے رہائي کے لۓ آوازیں بلند ہورہی ہیں۔ بحرین میں چند دنوں سے خاندان آل خلیفہ کے خلاف عوام نے مظاہرے کرنے شروع کردیۓ ہیں۔ بحرین کی جمعیت عمل اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ بحرین کے لوگ آج منگل کو وسیع پیمانے پر جلوس نکالیں گے جن میں شیعہ اور سنی دونوں مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔ عبدالصالح نے مزید کہا ہےکہ ان مظاہروں کی کال حکومت مخالف سیاسی جماعتوں نے دی ہے ۔ بحرین میں حکومت کے مخالفین نے کہا ہے کہ وہ اپنے مطالبات پورے کۓ جانے تک اپنے احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ خاندان آل خلیفہ کی حکومت کی سرنگونی بحرینی عوام کا بنیادی ترین مطالبہ ہے ۔

عمان میں بھی سلطان قابوس کے خلاف جلوسوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ اس ملک کے شمال مغربی شہر صحار میں گزشتہ دو دنوں کے دوران حکومت مخالف جلوس نکالے گۓ ۔

سیکورٹی فورسز کی مداخلت کی وجہ سے یہ مظاہرے تشدد کا شکار ہوگۓ ۔ ہسپتال کے حکام نے کہا ہےکہ صحار شہر میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں چھ افراد مارے گۓ ہیں۔ موصولہ رپورٹوں سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ صحار شہر میں ہونے والے عوامی احتجاجی مظاہروں کا دائرہ اب عمان کے دوسرے جنوبی علاقوں تک پھیل گيا ہے۔ کویت میں بھی عوامی ناراضگی کی علامتیں دکھائی دے رہی ہیں۔ کویت میں لوگ وزیر اعظم کی برطرفی کا مطالبہ کررہے ہیں۔ ملک میں اصلاحات، بدعنوانی کا خاتمہ ، آئين کی پابندی اور سماجی آزادیاں کویتی عوام کے مطالبات میں شامل ہیں۔

سعودی عرب میں بھی " حریت پسند سعودی جوان " نامی گروہ نے اپنے ایک بیان میں ملک میں بنیادی تبدیلیوں نیز امتیازی رویۓ اور ناانصافی کے خاتمے پر تاکید کرتے ہوۓ یوم احتجاج کے موقع پر جلوس نکالے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس گروہ نے گیارہ مارچ کو سعودی عرب میں تبدیلیوں کی ڈیڈلائن قرار دیا ہے ۔ گروہ کے بیان میں آيا ہےکہ اگر گیارہ مارچ تک حکام کی جانب سے کوئي اقدام نہ کیا گیا تو لوگ خود اپنے مطالبات کی تکمیل کے لۓ آگے بڑھیں گے۔ گیارہ مارچ کے دن کو سعودی عرب میں یوم احتجاج قرار دیا گيا ہے اور لوگوں سے اپیل کی گئي ہے کہ وہ اس دن اپنے مطالبات کے لۓ آواز بلند کریں ۔

اردو ریڈیو تہران