• صارفین کی تعداد :
  • 3561
  • 5/1/2010
  • تاريخ :

خواتین کے لیۓ مڈوائف کی اہمیت

مڈوائف

" دایہ " ہمارے معاشرے میں بہت ہی اہم مقام رکھتی ہے ۔ یہ سبز پوش فرشتہ کی طرح ماں کی جان کی محافظ ہے  اور زندگی اور موت کے حساس ترین لمحات میں ماں اور بچے کی مدد کرتی ہے ۔  نوزاد بچہ کہ جس کے انتظار میں ماں باپ مہینوں رہتے ہیں جب اس دنیا میں آتا ہے تو سب سے پہلے  انہی پاک ہاتھوں میں اس کو جگہ نصیب ہوتی ہے ۔ یہ محافظ عشق ، مہارت اور دانش سے عورتوں اور ماؤں کی صحت  کے لیۓ مفید کام کرتی ہے اور اس طرح پورے معاشرے کی بھلائی کا باعث بنتی ہے ۔ عورتوں کے حقوق کے حامی ماں کی صحت کے لیۓ طرح طرح کی کوششیں کر رہے ہیں مگر ابھی تک کسی بھی خاندان میں دایہ کا اصل مقام متعین نہیں ہو سکا  ہے اور وہ عزت و احترام اور مقام جس کی وہ حقدار ہے ابھی تک اسے نہیں دیا جا سکا ہے ۔ بچے کی پیدائش ایک نہایت ہی پیچیدہ اور خطرناک عمل ہے اور اس میں ماں اور بچے کی جان کو انتہائی خطرہ ہوتا ہے ۔ ایسے موقع پر یہ دایہ ہی تو ہوتی ہے جو اپنی  پیشہ ورانہ مہارت سے ماں اور بچے کو  اس مشکل وقت  اور خطرے سے باہر لاتی ہے ۔ مڈوائف آپ کو آپ کے گھر کی دہلیز پر ہر طرح کی بنیادی طبی سہولیات فراہم کرنےکی کوشش کرتی  ہے اور  مفید مشورے فراہم کرتی ہے ۔ضرورت اس بات کی ہے ان کو تمام مطلوبہ طبی آلات اور سہولتیں فراہم کی جائیں تااکہ وہ بہتر انداز میں ماں اور بچے کی صحت کا خیال رکھ سکیں 

مڈوائف کے عالمی دن کو تعین کرنے کا مقصد یہی ہے کہ ان کو اس چیز کا احساس دلایا جاۓ کہ معاشرے میں ان کی خدمات کو عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جا رہا  ہے اور معاشرہ ان کا بےحد مشکور ہے ۔ اس دن کے منانے سے مڈوائفز کے اندر ایک جذبہ پیدا ہوتا ہے اور وہ مزید بہتر انداز میں اپنی پیشہ ورانہ خدمات کو عوام الناس کے لیۓ پیش کرتی ہیں ۔ اسی طرح عام لوگوں کو بھی اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ ماں اور بچے کی صحت کے لیۓ دایہ کس قدر اہم ہے اور اس کی موجودگی میں خواتین بہت سے خطرات سے محفوظ رہتی ہیں ۔

تحریر : سید اسداللہ ارسلان


متعلقہ تحریریں :

بچے کے لیے ماں کا پہلا تحفہ

حمل کے دوران مسائل کي کچھ يقيني علامتيں

لیڈی ہیلتھ ورکر کے مفید مشورے

بچوں کی ذہنی تربیت اور فکری نشو و نما