• صارفین کی تعداد :
  • 4260
  • 12/21/2009
  • تاريخ :

نیا موسمیاتی سپر کمپیوٹر

نیا موسمیاتی سپر کمپیوٹر

موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہونے والے خطرات کا بروقت پتا چلانے کے لئے گرین ہاؤس گیسوں کی وجہ سے آنے والی تبدیلیوں پر نظر رکھنا اور ان کے بارے میں اعداد و شمار کی بروقت فراہمی انتہائی اہم ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے خطرات پر نظر رکھنے اور بہتر موسمیاتی پیش گوئی کے لئے حال ہی میں جرمنی کے شہر ہیمبرگ میں ایک نئے سپر کمپیوٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا ہے۔

 دنیا کے طاقتور ترین موسمیاتی سپر کمپیوٹر کا باقاعدہ افتتاح جمعرات 10 دسمبر کو جرمن شہر ہیمبرگ میں کیا گیا۔  ماہرین کو امید ہے کہ بلیزارڈ Blizzard نامی یہ سپر کمپیوٹر عالمی فضائی حدت کے حوالے سے نہایت اہم اعداد و شمار فراہم کرے گا جو موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے بین الاقوامی ادارے Intergovernmental Panel on Climate Change یعنی IPCC میں استعمال کیے جاسکیں گے۔

35 ٹن وزنی اس سپر کمپیوٹر میں استعمال کی گئی تاروں کی کل لمبائی  50 کلومیٹر بنتی ہے۔ اس سپر کمپیوٹر کی طاقت 158 ٹیرا فلاپ (Teraflops) ہے یعنی یہ ایک سیکنڈ میں 158 ٹریلین حسابی عمل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ماہرین کو امید ہے کہ بلیزارڈ نامی یہ سپر کمپیوٹر عالمی فضائی حدت کے حوالے سے نہایت اہم اعداد و شمار فراہم کرے گا۔ ماہرین کو امید ہے کہ بلیزارڈ نامی یہ سپر کمپیوٹر عالمی فضائی حدت کے حوالے سے نہایت اہم اعداد و شمار فراہم کرے گا۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ بلیزارڈ  فضا اور سمندر میں مختلف کیمیائی عوامل کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے علاوہ، اُن اثرات کا جائزہ لینے کے لئے بھی استعمال کیا جا سکے گا جو برف اور درختوں کی وجہ سے  گرین ہاؤس یا سبز مکانی گیسوں اور موسمیاتی تبدیلیوں پر پڑتے ہیں۔

جرمن شہر ہیمبرگ میں قائم ادارہ برائے موسمیاتی تحقیق کے مطابق بلیزارڈ  اب تک اس مقصد کے لئے استعمال کئے جانے والے سپر کمپیوٹر سے 60 گنا زیادہ طاقتور ہے۔ اُن کے مطابق یہ سپر کمپیوٹر Tornados اور دیگر سمندری طوفانوں کے بارے میں بھی اطلاعات فراہم کرسکے گا۔

سپر کمپیوٹر عام طور پر بہت زیادہ بجلی استعمال کرتے ہیں لیکن بلیزارڈ کے بارے میں جرمن ادارہ برائے موسمیاتی تحقیق کا کہنا ہے کہ اس کے لئے بجلی صرف پون چکیوں سے حاصل کی گئی ہے لہذا یہ سپر کمپیوٹر فضائی آلودگی بڑھانے کا باعث ہرگز  نہیں بنے گا۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت : امجد علی


متعلقہ تحریریں:

اپنے کمپیوٹر پہ اردو میں کیسے ٹائپ کریں

لیپ ٹاپ کی دنیا میں نئی جدت، نوٹ بک