• صارفین کی تعداد :
  • 5277
  • 6/1/2008
  • تاريخ :

بچو! سلام کرنا مت بھولنا

 

کودک

ایک لڑکا تھا جس کا نام تھا علی ۔ علی بہت اچھا لڑکا تھا ، لیکن اسکی ایک بری عادت تھی اور وہ یہ کہ وہ سلام نہیں کرتا تھا ۔

ایک دن دوپہر کو جب وہ اسکول سے واپس آرہا تھا تو اپنی گہر کے پاس ایک دکان پر گیا اور دکاندار سے بولا :احمد چچا ! مجہے ایک چپس کا پیکٹ اور غبارے چاہۓ ہیں ۔

احمد چچا نے اس پر ایک نظر ڈالی اور بولے ! علی تم نے سلام کیوں نہیں کیا ؟ تم کب سے اتنے بے ادب ہو گئے ہو ؟جبکہ اب تم بڑے بھی ہو گئے ہو ! تو پھر کیوں اپنے سے بڑوں کو سلام نہیں کرتے ؟ میرے پاس تمہارے جیسے بے ادب بچوں کے لئے کچھ نہیں ہے ۔ نہ چپس ہے اور نہ ہی غبارے ۔

علی اس واقعہ سے بڑا غمگین ہو گیا۔ دکان سے باہر آگیا اور سیدھا گھر کی طرف چلا گیا ۔ شام کو جب موسم کچھ ٹھنڈا ہوا اور علی نے اپنا اسکول کا کام تمام کر لیا توگھر سے باہر آیا اور اپنے دوست ہادی کے گھر گیا۔وہاں اس نے جب دروازہ پر دستک دی تو ہادی کی والدہ نے دروازہ کھولا ۔ علی نے کہا ! ہادی سو رہا ہے یا جگ رہا ہے ۔ اس سے کہہ دیجئے کہ فوٹبال لیتا آئے ۔ ہادی کی والدہ علی کے اس رویہ سے بہت ناراض ہو گئیں اور بولیں ! جس بچہ کو سلام کرنا نہ آتا ہو وہ میرے بیٹے کا دوست نہیں ہو سکتا اور یہ کہہ کر گھر کے دروازے کو بند کر دیا ۔

علی اس واقعہ سے ایک بار پھر کافی غمگین ہو گیااور اپنے گھر واپس آگیا ۔ علی کی والدہ نے جب اسے غمگین دیکھا تو اس سے پوچھا تم کیوں اتنا زیادہ غمگین ہو ؟ تب علی نے اپنی والدہ کو ساری بات بتائی ۔ علی کی والدہ نے اس سے کہا ۔ دیکھو بیٹا علی کبھی اپنے سے بڑوں کو سلام کرنا مت بھولنا اور اگر تم بڑوں کو سلام کر و گے تو سب کہیں گے علی کتنا اچھا بچہ ہے ۔

شام میں علی کی والدہ نے اسے پیسے دئے اور کہا : علی جاؤ روٹی کی دکان سے دو عدد روٹی لے آؤ ، لیکن روٹیاں گرم اور تازہ لانا !!

جب علی گھر سے باہر روٹی لانے کے لئے نکل رہا تھا تبھی اسکی ماں نے اس سے کہا بیٹا علی دیکھو سلام کرنا مت بھولنا ۔

علی روٹی کی دکان پر گیا تبھی اسے ماں کی سلام کرنے والی بات یاد آئی اور اس نے دکاندار سے کہا ۔ شاکر چچا سلام علیکم

شاکر چچا نے علی کو پیار بھری نظروں سے دیکھا اور جواب دیا علیکم السلام ! بیٹے علی کیسے ہو ؟

علی خوش ہوا اور بولا : شاکر چچا مجہے روٹیاں چاہییں۔ شاکر چچا نے کہا کریم جاؤ اچہے اور با ادب بچے کے لئے دو گرما گرم روٹی لیتے آؤ ۔

اور اس طرح علی نے عہد کیا کہ اب وہ سبھی کو سلام کرے گا اور اپنے بڑوں کا احترام کرے گا ۔