• صارفین کی تعداد :
  • 3178
  • 8/8/2010
  • تاريخ :

پاکستان قدرت کا ایک انمول عطیہ

یوم آزادی پاکستان

دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت پاکستان، 14 اگست 1947 کو معرض وجود میں آیا ۔ پاکستان کا قیام چودہویں صدی ہجری کا سب سے اہم واقعہ ہے جو علامہ محمد اقبال کے خوابوں کی تعبیر،قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت کا ثمراور لاکھوں مسلمانوں کی بارگاہِ شہادت ہے پاکستان کی بنیاد لاالہ الااللہ پر رکھی گئی تھی. انگریز اور ہندو دونوں کی یہ انتہائی کوشش تھی کہ مسلمانوں کے لئے ایک آزاد ریاست معرض وجود میں نہ آئے کیونکہ وہ یہ سمجھتے تھے کہ اگر ایسا ہو گیا تو پھر اسلام کو بحیثیت دین متعارف کرانے کے لئے تجربہ گاہ میسر آ جائے گی اور یہ صورت حال غیر مسلم اقوام کو کسی صورت بھی پسند نہ تھی .یہ قائد اعظم محمد علی جناح کی خداداد بصیرت،قوت فیصلہ اور عزمِ بلند کی کرشمہ سازی تھی کہ مختصر سے وقت میں مسلم لیگ کے پلیٹ فارم پر تمام مسلمان جمع ہو گئے ۔

یوم آزادی پاکستان

 مسلمانانِ ہند کے اجتماعی مطالبہ کے سامنے سارے دشمنانِ اسلام کی مردہ تدبیریں ناکام ہو گئیں اور ایک حسین و جمیل اسلامی مملکت (اسلامی جمہوریہ پاکستان) نقشہ عالم پر نمودار ہو گئی۔ غلامی کی بھیانک زنجیروں کو توڑنا کوئی آسان کام نہیں اس کے لئے بڑے مضبوط ہاتھوں اور فولاد جیسے ارادے کی ضرورت ہوتی ہے آزادی کی جن معطر ہواؤں سے آج ہماری سانسیں مہک رہی ہیں ان ہواؤں میں ان شہیدوں کی خوشبو مکمل طور پر رچی ہوئی ہے جو آزادی کی راہوں پر اپنے خون کے چراغ جلا کر اجالے بکھیرتے رہے۔ یہ ملک صرف اورصرف دو قومی نظریہ کی بنیاد پر وجود میں آیا تھا اور اس الگ خطے کا مطالبہ محض اس لئے کیا گیا تھا کہ یہاں اسلامی آئین اور قانون کو پورے وقار کے ساتھ نافذ کیا جائے اور پھر تجربہ گاہ کی بنیاد پر اسلام کے پیغامِ امن وسلامتی کو پوری دنیا تک پہنچانے کا اہتمام کیا جائے گا اسی نظریہ کی بنیاد پر یہ ملک آج تک قائم ہے اور انشاء اللہ قیامت تک قائم رہے گا .

بشکریہ آن لائن اردو انٹرنیشنل