• صارفین کی تعداد :
  • 3301
  • 1/19/2010
  • تاريخ :

ولادت علی (ع) کے سلسلہ میں علماء،

مؤرخین و محدثین اہل سنت کا نظریہ ( حصّہ دوّم)

حضرت علی علیہ السلام

 عبد الحق دہلوی:

عبد الحق بن سیف الدین دہلوی اپنی کتاب ” مدارج النبوہ“ میں تحریر فرماتے ہیں: جناب فاطمہ بنت اسد نے امیر المومنین کا نام حیدر رکھا ،اس لئے کہ معنی کے اعتبار سے باپ (اسد) اور بیٹے کا نام ایک ہی رہے۔ لیکن جناب ابو طالب (ع) اس نام کو پسند نہیں کیا،یہی وجہ ہے کہ انھوں نے آپ کا نام ” علی (ع) “ رکھا۔ اور رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے آپ کو ”صدیق “ کہہ کر پکارا اور آپ کی کنیت ” ابو ریحانتین“ رکھی۔ ” امین، شریف، ہادی، مہتدی، یعسوب الدین وغیرہ القاب سے آپ کو نوازا۔اس کے بعد عبد الحق بن سیف الدین دہلوی تحریر فرماتے ہیں : ” حضرت علی (ع) کی ولادت باسعادت خانہ کعبہ کے اندر ہوئی“  (۱)

اخطب خوارزمی:

موفق بن احمد جو اخطب خوارزمی سے مشہور ہیں اپنی کتاب ” مناقب“ میں تحریر فرماتے ہیں: ”علی بن ابی طالب علیہ السلام شب جمعہ ۱۳رجب ،۳۰عام الفیل، ۲۳سال قبل از ہجرت اور بعثت سے ۱۰ یا ۱۲ سال پہلے مکہ معظمہ میں خانہ کعبہ کے اندر پیدا ہوئے“ ۔  (2)

 شیخ مومن بن حسن شبلنجی:

شیخ مومن بن حسن شبلنجی کہتے ہیں کہ حضرت علی ابن طالب (ع) حضرت رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے چچازاد بھائی اور خدا وند عالم کی برہنہ تلوار ہیں جو مکہ معظمہ خانہ کعبہ کے اندر ۱۳رجب الحرام جمعہ کے دن ۳۰ عام الفیل ہجرت کے ۲۳سال قبل خانہ خدا میں پیدا ہوئے ۔ (3)

عباس محمود عقاد :

عقاد کہتے ہیں کہ حضرت علی علیہ السلام خانہ کعبہ کے اندر پید ا ہوئے ۔ خدا وند عالم نے حضرت علی علیہ السلام کے چہرے کو پاک و پاکیزہ اور بلند قرار دیا تھا کہ وہ بتوں کا سجدہ نہ کریں لہٰذا وہ چاہتا تھا کہ ایک نئے انداز اور نئی جگہ ان کی ولادت ہو پس خانہ کعبہ کو انتخاب کیا جو عبادت گاہ تھی۔قریب تھا کہ علی علیہ السلام مسلمان پیدا ہوتے ۔بلکہ حقیقت یہ ہے کہ وہ مسلمان پیدا ہوئے ،لہٰذا ہم ان کی ولادت پر غور کریں تو معلوم ہوجائے گا کہ وہ فطرت اسلام پر پیدا ہوئے کیوں کہ وہ بتوں کی پرستش سے ناواقف تھے اور نہ کبھی بتوں کی پوجا کی۔ وہ اس مبارک جگہ پیدا ہوئے جہاں سے اسلام کا آغاز ہوا۔ (4)

علامہ صفوری:

علامہ صفور ی کہتے ہیں کہ حضرت علی علیہ السلام اپنی مادر گرامی کے بطن مبارک سے خانہ کعبہ کے اندر جس کو خدا نے شرف بخشا ہے پیدا ہوئے ۔ یہ وہ فضیلت ہے جس کو خدا وند عالم نے ان کے لئے مخصوص کر دیا تھا۔ (5)

علامہ برہان الدین حلبی شافعی:

علامہ برہان الدین حلبی شافعی نے حضرت علی ابن ابی طالب کی ولادت کے سلسلہ میں کافی طولانی بحث کی ہے مختصر یہ کہ حضرت علی علیہ السلام خانہ کعبہ کے اندر پیداہوئے ۔ اس وقت حضرت رسول مقبول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی عمرمبارک تیس سال تھی۔ (6)

 عبد الحمید خان دہلوی :

عبد الحمید خان دہلوی لکھتے ہیں: اکثر مو ¿رخین کا اتفاق و اعتقاد ہے کہ حضرت علی علیہ السلام مکہ معظمہ خانہ کعبہ کے اندر جمعہ کے دن ۱۳ رجب تیس عام الفیل کو پیدا ہوئے اُس سے پہلے اور اُس کے بعد کوئی بیت اللہ میں پیدا نہیں ہوا ۔ (7)

باکثیر حضرمی:

”علی بن ابی طالب علیہ السلام ۱۳رجب ،۳۰عام الفیل، ۲۳سال قبل از ہجرت مکہ معظمہ میں خانہ کعبہ کے اندر پیدا ہوئے“ (8)

 مولوی اشرف

”علی بن ابی طالب علیہ السلام ۱۳رجب ،۳۰عام الفیل، ۲۳سال قبل از ہجرت مکہ معظمہ میں خانہ کعبہ کے اندر پیدا ہوئے“ (9)

 علّامہ سعید گجراتی:

علامہ سعید گجراتی اہل سنت کے بزرگوں میں شمار ہوتے ہیں ،اپنی کتاب ” الاعلام با ¿ علام مسجد الحرام “ میں اس روایت کے جواب میں تحریر فرماتے ہیں کہ” حضرت علی (ع) ابو قبیس نامی پہاڑ کے دامن میں پیدا ہوئے“ جس کو دشمنان اہلبیت (ع) نے لکھا ہے۔

” خدا یا! تو بہتر جانتا ہے کہ یہ بہتان دشمنان اہلبیت (ع) کی طرف سے ہے ۔ دشمنان علی (ع) نے اس واقعہ کو گڑھا ہے ۔ جب کہ متواتر روایتیں دلالت کرتی ہیں کہ حضرت علی علیہ السلام خانہ کعبہ کے اندر پیدا ہوئے۔ خدایا ! تو مجھے رسول اکرم (ص) کی سنت پر باقی رکھ اور ان کے اہلبیت (ع) کی دشمنی سے دور رکھ “ (10)

 عبد المسیح انطاکی مصری:

   عبد المسیح انطاکی مصری شاعر نے مولائے متقیان حضرت علی علیہ السلام کی ولادت سے متعلق تقریبا پانچ سو (۵۰۰) شعر کہیں ہیں کہ حضرت علی (ع) خانہ کعبہ کے اندر پیدا ہوئے ۔ میں ان تمام اشعار کو یہاں ذکر نہیں کر سکتا شاہد کے طور پر مطلع آپ کی خدمت میں پیش کر رہے ہیں:

فی رحبۃ الکعبۃ الزھراء قد انبثقت

انوار طفل وضائت فی منافیھا (11)

 

۱۔ مدارج النبوہ ج۲ص۵۳۱

2 ۔ کفایۃ الطالب ، ص۴۰۷

3 ۔ نور الابصار ، ص۸۵

4 ۔  عبقریۃ الامام علی(ع) ،ص۴۳

5 ۔ نزھۃ المجالس ،ج۲ص۴۵۴

6 ۔  السیرۃ الحلبیۃ ،ج۱ص۱۳۹و ج۳ص۳۶۷

7 ۔ سیرہ خلفاءج ۸ ص ۲

8 ۔  وسیلۃ المال ،ص۱۴۵

9 ۔  ریاض الجنان ،ج۱ص۱۱۱

10 ۔  الاعلام الا ¾ علام مسجد الحرام خطی بہ نقل علی و کعبہ،ص۷۶

11 ۔ قصیدہ علویہ ص۶۱

تحریر :  مولانا صفدر حسین یعقوبی 

              مہدی مشن ڈاٹ کام


متعلقہ تحریریں:

یوم ولادت حضرت علی علیہ السلام پر قائد انقلاب اسلامی کا  ایک خطاب

علی علیہ السلام؛ نومسلم ولندیزي خاتون کی نگاہ میں