• صارفین کی تعداد :
  • 7192
  • 8/29/2009
  • تاريخ :

انسانی صحت کے لیۓ پرسکون نیند کی اہمیت

نیند

امریکہ میں کی گئی ایک حالیہ تحقیق کے سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ اگر آپ رات بھر اچھی طرح نیند سے لطف اندوز نہیں ہوتے ہیں اور آپ آٹھ گھنٹے سے کم سوتے ہیں تو آپ موٹاپا کے شکار ہو سکتے ہیں ، آپ کے جسم میں چربی کی مقدار بڑھ جائیگی۔ ایک تحقیق کے مطابق ثابت کیا گیا کہ جو لوگ صرف پانچ گھنٹے سوتے ہیں ان کے جسم میں پندرہ فیصد زیادہ گریلین (Ghreline) ترشح ہوتا ہے (یہ ایک ہارمون ہے جس سے فرد کو زیادہ بھوک لگتی ہے اور وہ پرخوری میں مبتلا ہوکر موٹاپے کا شکار ہوجاتا ہے) اسی طرح ان کے جسم میں پندرہ فیصد لیپٹن(Leptin) کم ترشح ہوتا ہے (یہ وہ ہارمون ہے جو اشتہا کو دبائے رکھتا ہے اور فرد کم خوراک استعمال کرتا ہے)۔

   رات بھرگہری اور مزے دار نیند کی بانہوں میں جھولنے سے انسان کی یادداشت پر مثبت اثرات پڑتے ہیں۔ جو لوگ آٹھ گھنٹے یا اس سے زیادہ نیند کا مزہ لیتے ہیں‘ ان کی یاداشت ان لوگوں کی نسبت کئی گنا بہتر ہے جو صرف چار یا پانچ گھنٹے سوتے ہیں ۔

ایک تازہ ترین تحقیق کے مطابق بارہ گھٹنے کی نیند کے بعد افراد کی یاداشت پرمثبت اثرات جبکہ بارہ گھنٹے کی بیداری کے بعد یاداشت پر منفی اثرات پڑتے ہیں۔

دوسری ایک تحقیق سے ثابت کیا گیا کہ رات کو کام کرنے سے انسانی ذہن سست رفتاری سے کام کرتا ہے جبکہ دن کو کام کرنے سے دماغ متحرک اور فعال رہتا ہے۔

   جو لوگ روزانہ آٹھ سے دس گھنٹے گہری نیند سے لطف اندوز ہوتے ہیں‘ وہ زکام ، مختلف عفونی اور سرطانی بیماریوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔  بے خلل اور گہری نیند سے انسان کے جسم میں موجود نظامِ مدافعت فعال ہوکر بیماریوں کا مقابلہ کرسکتا ہے۔ ایک تحقیق سے ثابت ہوا کہ جو عمر رسیدہ افراد اچھی طرح سو نہیں سکتے ان کے خون میں ان خلیات کی تعداد بہت کم رہ جاتی ہے جو ان کو مختلف بیماریوں سے بچانے میں کامیاب ہوسکتی تھی۔  ملاٹونین              (Melatonin) نیند کے دوران ترشح ہوتا ہے اور یہ سرطان کا مقابلہ کرنے والا ایک اہم انٹی آکسیڈنٹ ہے۔ رات کے شفٹوں میں کام کرنے والے افراد ،(جن کو بھر پور نیند میسر نہیں ہوتی) کے سرطانِ پستان میں مبتلا ہونے کے ستّر(۷۰) فیصد امکانات موجود ہیں۔ یہ بات پہلے ہی ثابت ہوچکی ہے کہ رات کو نیند کے دوران معدہ کی اندرونی تہہ کو ”مرمت“ کرنے والا کیمیائی مادہ بھی ترشح ہوتا ہے اور جو لوگ رات بھر سو نہیں پاتے ان کے ”زخمِ معدہ “ میں مبتلا ہونے کے امکانات کئی گنازیادہ بڑھ جاتے ہیں۔اسلئے سرطانِ پستان اور زخم معدہ سے بچنے کے لئے آٹھ گھٹنے شبانہ گہری اور میٹھی نیند کا مزہ لینا اشد ضروری ہے۔

تحریر : ڈاکٹر نذیر مشتاق ( www.urdutahzeeb.net)


متعلقہ تحریریں:

کالی کھانسی (Whooping Cough) پر ایک مختصر نظر